Dawn News Television

شائع 09 دسمبر 2020 09:22pm

یوٹیوب اسٹار شاہ ویر جعفری نے منگنی کرلی

پاکستان نژاد کینیڈین نژاد یوٹیوب اسٹار شاہ ویر جعفری نے منگنی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔

رواں ماہ کے شروع میں ایسی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ شاہ ویر جعفری 9 دسمبر کو منگنی کرنے والے ہیں۔

اب انہوں نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں منگنی کی تصدیق کی اور اپنی منگیتر کی تصویر بھی شیئر کی۔

شاہ ویر جعفری نے عائشہ بیگ نامی لڑکی سے منگنی کی اور منگنی سے قبل ان کی تیاری کی مختلف ویڈیوز بھی انسٹاگرام پو شیئر کی گئی ہیں۔

27 سالہ شاہ ویر جعفری یوٹیوب پر بہت زیادہ مقبول ہیں جن کے چینیل کے سبسکرائبرز 26 لاکھ سے زیادہ ہیں جبکہ انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر بھی ان کے لاکھوں فالورز ہیں۔

سوشل میڈیا پر شاہ ویر جعفری کی منگنی کے دعوت نامے کی تصویر گزشتہ ہفتے وائرل ہوئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کی متوقع منگنی 9 دسمبر کو ہوگی۔

یہ تو واضح نہیں کہ منگنی کی تقریب کہاں ہوئی، مگر جس جگہ سے عائشہ بیگ کی تیاری ہوئی وہ اسلام آباد میں تھی، تو امکان ہے کہ اس تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا۔

اس سے قبل شاہ ویر جعفری اور پاکستانی ٹی وی اداکارہ نور خان کے تعلق کی افواہیں بھی تھیں، دونوں کو ساتھ دیکھا بھی گیا تھا اور انہوں نے ایک ساتھ ولاگز بھی بنائے تھے۔

تاہم بعدازاں نور خان نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں کہا تھا کہ دونوں کے درمیان صرف دوستی ہے اور انہوں نے یہ بھی کہا تھا شاہ ویر ان کے بھائی جیسے ہیں۔

شاہ ویر جعفری نے خود بھی اس معاملے پر وضاحت کی تھی۔

گزشتہ برس انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرکے اعلان کردیا کہ مہوش حیات اور انہوں نے شادی کرلی ہے جبکہ وہ ایک گانے ' چمکیلی' کی ویڈیو کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔

Read Comments