2020 میں پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات

09 دسمبر 2020
اداکارہ عظمیٰ خان دوسرے نمبر پر رہیں—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ عظمیٰ خان دوسرے نمبر پر رہیں—فائل فوٹو: فیس بک

گوگل نے سال کے اختتام پر اپنی سالانہ فہرست کا اعلان کیا اور دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں لوگوں کے سرچ رجحان کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔

2020 میں پہلی بار گوگل نے پاکستان کے لیے 6 مختلف کیٹیگریز میں سرچز کی فہرست جاری کی ہے۔

گوگل نے اس فہرست کے لیے درجہ بندی کسی نام کے حوالے سے زیادہ ٹریفک کو دیکھتے ہوئے کی اور اسے 6 کیٹیگریز ٹاپ سرچز، افراد، کورونا وائرس، ایونٹس، گیجٹ اور فلموں و ٹی وی میں تقسیم کیا۔

گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہر سال کھربوں سرچز میں سے سال بھر کے دوران سب سے زیادہ ٹرینڈنگ (رجحانات) کو مدنظر رکھ کر اس فہرست کو مرتب کیا جاتا ہے۔

یہ پہلا سال ہے جب پاکستان میں گوگل پر سرچ کی جانے والی سرفہرست 10 شخصیات میں کوئی بھی بولی وڈ اسٹار شامل نہیں بلکہ 2 کو چھوڑ کر سب ہی پاکستانی ہیں۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہو لیکن پاکستان میں اس سال لوگوں نے جس شخصیت کو سب سے زیادہ سرچ کیا وہ حقوق نسواں کی سرگرم کارکن ماروی سرمد ہیں۔

درج ذیل میں اس سال سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی پاکستانی شخصیات کے بارے میں جان سکیں گے۔

1۔ ماروی سرمد

ٹوئٹر/فیس بک فوٹو
ٹوئٹر/فیس بک فوٹو

ماروی سرمد کے بارے میں سب سے زیادہ سرچز مارچ 2020 کے مہینے میں ہوئی اور اس کی وجہ آپ کو یقیناً معلوم ہوگی، خلیل الرحمن قمر اور ماروی سرمد کے درمیان ایک ٹی وی شو کے دوران ہونے والی جھڑپ۔

’میرے پاس تم ہو‘ جیسے ڈرامے لکھنے والے مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے 3 مارچ کی شب ’نیو ٹی وی‘ کے ایک پروگرام میں ’عورت مارچ‘ پر بحث کے دوران ماروی سرمد کے لیے انتہائی نامناسب زبان استعمال کی تھی جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس کے بعد ہی ماروی سرمد کے بارے میں جاننے کے لیے لوگوں نے گوگل سے رجوع کیا اور لگتا ہے کہ اتنے زیادہ افراد نے ان کے بارے میں سرچ کیا کہ وہ اس سال سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بن گئیں۔

2۔عظمیٰ خان

فیس بک فوٹو
فیس بک فوٹو

اداکارہ عظمیٰ خان اس سال مئی اور جون میں گوگل سرچ میں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں، جس کی وجہ ان کے گھر ہر ہونے والے حملے کی وائرل ویڈیوز تھیں۔

اس موقع پر اداکارہ نے چند خواتین کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا جن کے بارے میں ان کا دعویٰ تھا کہ وہ بزنس ٹائیکون ملک ریاض کی بیٹیاں ہیں اور انہوں نے مسلح گارڈز کے ہمراہ ان کے گھر میں گھس کر اشتعال انگیزی کی۔

تاہم کچھ دن بعد ہی انہوں نے مقدمہ واپس لے لیا تھا،اسی واقعے کے باعث وہ اس سال گوگل پر پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی دوسری بڑی شخصیت ثابت ہوئیں۔

3۔جو بائیڈن

رائٹرز فائل فوٹو
رائٹرز فائل فوٹو

ڈونلڈ ٹرمپ کو نومبر میں صدارتی انتخابات میں نئے امریکی صدر منتخب ہونے والے جو بائیڈن (جو جنوری میں عہدے کو سنبھالیں گے) اس سال پاکستان میں گوگل پر سرچ کی جانے والی تیسری بڑی شخصیت ہیں۔

ان کے بارے میں نومبر میں ہی سب سے سرچز پاکستان میں کی گئی تھیں جو یقیناً ان کے منتخب ہونے پر ان کے بارے میں جاننے کے لیے کی گئی ہوں گی۔

4۔ علیزہ شاہ

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اداکارہ علیزہ شاہ لگ بھگ پورے سال ہی گوگل پر لوگوں کی توجہ کا مرکز رہی، مگر سب سے زیادہ سرچز جنوری سے مارچ کے دوران ہوئیں۔

اس کی ممکنہ وجہ ان کا ڈراما 'عہد وفا' ہی ہوگا جو لوگوں میں بہت زیادہ مقبول ہوا تھا، جبکہ میرا دل میرا دشمن بھی ان کا ڈراما تھا جس کی وجہ سے بھی وہ سال بھر لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں۔

5۔ حریم شاہ

انسٹاگرام فوٹو
انسٹاگرام فوٹو

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد کے لیے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا نام نیا نہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ 2020 میں مختلف نتازعات کے باعث ان کے بارے میں جاننے کے لیے لوگ گوگل سے رجوع کرتے رہے۔

تاہم گوگل پر ان کے حوالے سے سب سے زیادہ سرچز جنوری میں ہوئی جس کے بعد گراف نیچے ضرور گیا مگر پورا سال ایک سطح پر برقرار رہا۔

6۔ مناہل ملک

انسٹاگرام فوٹو
انسٹاگرام فوٹو

یہ بھی ایک مقبول ٹک ٹاک اسٹار ہیں جن کے بارے میں جولائی میں اچانک گوگل پر سرچز میں اضافہ اس وقت ہوا جب ان کی نامناسب تصاویر لیک ہونے کی رپورٹس پھیلیں۔

7۔ فلک شبیر

انسٹاگرام فوٹو
انسٹاگرام فوٹو

معروف پاکستانی گلوکار بھی اس سال گوگل پر لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے، جس کی وجہ اداکارہ سارہ خان سے ان کی شادی کا اچانک اعلان بنا۔

جولائی میں دونوں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے اور اسی مہینے ان کے بارے میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچز بھی ہوئیں۔

8۔ عاصم اظہر

انسٹاگرام فوٹو
انسٹاگرام فوٹو

گلوکار عاصم اظہر اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر رہے، جس کی وجہ ان کے گانے، مختلف بیانات اور ہانیہ عامر کے ساتھ ایک گانے ہم تم وائرل ہونا رہا۔

9۔ اسرا بلگچ

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایسرا بلگچ بہت کم عرصے میں پاکستان میں بہت زیادہ مقبول ہوچکی ہیں۔

تو یہ حیران کن نہیں کہ وہ اس سال پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی 9 ویں شخصیت ہیں۔

10۔ سارہ خان

انسٹاگرام فوٹو
انسٹاگرام فوٹو

سارہ خان بھی فلک شبیر سے شادی کے اعلان کے موقع پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنیں اور جولائی میں ہی ان کے بارے میں سب سے زیادہ گوگل سرچز ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں