Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2020 08:12pm

سینئر اداکارہ و فلم ساز سنگیتا میں بھی کورونا کی تشخیص

سینئر اداکارہ و فلم ساز 73 سالہ پروین رضوی المعروف سنگیتا بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔

سنگیتا سے قبل سپر اسٹار ماہرہ خان، میزبان و اداکارہ صنم جنگ، مذہبی اسکالر طارق محمود بھی ایک ہفتہ قبل کورونا کا شکار ہوئے تھے۔

ان سے قبل صحیفہ جبار، علیزے گبول، مختار عثمان، بہروز سبزواری، عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ طوبیٰ عامر اور دیگر شوبز شخصیات بھی کورونا کا شکار ہوئی تھیں۔

تاہم زیادہ تر شخصیات 2 سے تین ہفتوں کے درمیان صحت یاب ہوگئی تھیں لیکن ایک ہفتہ قبل کورونا میں مبتلا ہونے والی ماہرہ خان و صنم جنگ تاحال قرنطینہ میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان بھی کورونا وائرس سے متاثر

ان کی طرح اب ماضی کی مقبول اداکارہ و فلم ساز سنگیتا نے بھی کورونا کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے سنگیتا نے خود میں کورونا کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان میں بڑی اور زیادہ علامات نہیں ہیں، تاہم انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

سنگیتا نے مداحوں سے دعا کی اپیل کی اور لوگوں کو احتیاط کرنے کا بھی کہا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران جہاں شوبز شخصیات میں کورونا کی تشخیص ہو رہی ہے، وہیں عام افراد بھی تیزی سے کورونا میں متاثر ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اداکارہ صنم جنگ اور ان کی بیٹی میں کورونا کی تشخیص

دوسری لہر کے دوران گزشتہ دو ہفتوں سے ملک بھر میں یومیہ تین سے 5 ہزار افراد میں کورونا کی تشخیص ہو رہی ہے اور وبا سے بچنے کے لیے حکومت نے کچھ سختیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔

پاکستان میں اب کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 50 ہزار سے بڑھ چکی ہے، جب کہ مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد بھی ساڑھے 4 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔

ملک میں 17 دسمبر تک کورونا سے مرنے والے افراد کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی۔

Read Comments