Dawn News Television

شائع 29 دسمبر 2020 04:25pm

پاکستانی سپر ہیروئن کی طرح سہانا خان کی انڈین شہزادی پر فلم بنانے کی اپیل

حال ہی میں معروف ہولی وڈ پروڈکشن کمپنی ماورل اسٹوڈیو نے اعلان کیا تھا کہ 2021 میں پاکستانی نژاد سائنس فکشن سپر ہیرو کردار 'کمالہ خان' پر 2021 میں نہ صرف ویب سیریز بنائے گی بلکہ اس کردار کو فلموں میں بھی شامل کیا جائے گا۔

'کمالہ خان' سائنس فکشن خیالی سپر ہیرو کردار ہے، جس طرح اسپائیڈر مین اور تھور کے کردار خیالی ہیں۔

مارول اسٹوڈیو نے چند ہفتے قبل تصدیق کی تھی کہ 'کمالہ خان' کے کردار پر مبنی ویب سیریز 'مس مارول' کو 2021 میں ریلیز کیا جائے گا جب کہ اسی کردار کو اب ہولی وڈ فلموں میں بھی پیش کیا جائے گا۔

'کمالہ خان' کے کردار کو پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ 16 سالہ ایمان ولانی ادا کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز 'مس مارول' میں نمرہ بچہ بھی کاسٹ

پاکستانی نژاد سپر ہیرو کردار پر سائنس فکشن سیریز اور فلمیں بنانے کے اعلان کے بعد اب شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے ہولی وڈ اسٹوڈیوز سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی شہزادی پر بھی فلم بنائیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سہانا خان نے ہولی وڈ اسٹوڈیو سے جس کردار پر فلم بنانے کی درخواست کی ہے وہ کردار حقیقی طور پر عرب ںژاد کردار ہے، تاہم سہانا خان نے ڈزنی اسٹوڈیو کو اپیل کہ وہ شہزادی جیسمین کو بھارتی شہزادی بنا کر فلم بنائیں۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کےمطابق سہانا خان نے چند دن قبل انسٹاگرام اسٹوریز میں ڈزنی اسٹوڈیو کے خیالی کردار شہزادی جیسمین کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اسٹوڈیو سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ انڈین شہزادی پر فلم بنائی جائے۔

شہزادی جیسمین بھی 'کمالہ خان' کے کردار کی طرح خیالی ہے، تاہم جیسمین کا کردار عرب نژاد ہے، کیوں کہ اسے ابتدائی طور پر 1992 میں ریلیز ہونے والی الہ دین میں پیش کیا گیا تھا۔

گزشتہ برس ڈزنی اسٹوڈیو نے الہ دین کا ریمیک بنایا تو اس میں بھی شہزادی جیسمین کے کردار کو شامل کیا گیا اور نئی فلم میں اس کردار کو بھارتی نژاد برطانوی اداکارہ نے ادا کیا تھا۔

شہزادی جیسمین کے کردار کو بھارتی نژاد اداکارہ کی جانب سے ادا کیے جانے کے بعد اب سہانا خان نے ڈزنی اسٹوڈیو سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی شہزادی پر بھی فلم بنائے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی نژاد ایمان ولانی ’کیپٹن مارول 2‘ میں کاسٹ

سہانا خان نے شہزادی جیسمین کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ اس کردار پر الگ فلم بنائی جانی چاہیے، تاہم درحقیقت مذکورہ کردار عرب نژاد ہے۔

پاکستانی نژاد سپر ہیروئن کردار پر مارول اسٹوڈیو کی جانب سے سیریز اور فلمیں بنائے جانے کے اعلان کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہےکہ اس کی حریف پروڈکشن کمپنی ڈزنی اسٹوڈیو ممکنہ طور پر بھارتی نژاد کسی خاتون کا سائنس فکشن خیالی کردار تخلیق کرے گا یا پھر شہزادی جیسمین پر فلم بنا کر اس میں بھارتی نژاد اداکارہ کو کاسٹ کیا جائے گا۔

تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، لیکن ساتھ ہی چہ مگوئیاں ہیں کہ سہانا خان ممکنہ طور پر اپنی توجہ ہولی وڈ اسٹوڈیوز کی جانب کروانا چاہتی ہیں۔

Read Comments