پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز 'مس مارول' میں نمرہ بچہ بھی کاسٹ

اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2020
مس مارول ویب سیریز کو 2021 کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
مس مارول ویب سیریز کو 2021 کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے ماورل اسٹوڈیو نے پہلی مسلم سپر ہیرو وومن سیریز 'مس مارول' میں مزید ایک پاکستانی اداکارہ کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کردی۔

مارول اسٹوڈیو نے دو سال قبل ہی پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو فلم یا سیریز بنانے کا اعلان کیا تھا اور رواں برس اکتوبر میں اسٹوڈیو نے تصدیق کی تھی کہ مسلم وومن سپر ہیرو فلم نہیں بلکہ سیریز بنائی جائے گی۔

'مس مارول' کے نام سے بنائی جانے والی مذکورہ سپر ہیرو سیریز کی پاکستانی فلم شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ سیریز کے پہلے سیزن میں کتنی قسطوں کی ہدایات کون سا ڈائریکٹر دے گا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ پہلے سیزن کی ابتدائی اقساط کی ہدایات شرمین عبید چنائے بھی دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو سیریز کے لیے پاکستانی نژاد لڑکی کا انتخاب

'مس مارول' میں مسلم سپر ہیرو لڑکی 'کمالہ خان' کا کردار دکھایا جائے گا، جسے پاکستانی نژاد امریکی لڑکی 16 سالہ ایمان ولانی ادا کریں گی۔

اور اب اسٹوڈیو نے سیریز میں مزید اداکاروں کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نمرہ بچہ بھی کاسٹ کا حصہ ہوں گی۔

ایمان ولانی مس مارول میں مرکزی کردار اد اکریں گی—فائل فوٹو: آئی ایم بی ڈی
ایمان ولانی مس مارول میں مرکزی کردار اد اکریں گی—فائل فوٹو: آئی ایم بی ڈی

مارول اسٹوڈیو کے مطابق 'مس مارول' سیریز 2021 کے آخری میں اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ سیریز کے پہلے سیزن میں کتنی قسطیں شامل ہوں گی۔

ساتھ ہی مارول اسٹوڈیو نے بتایا کہ سیریز میں کچھ نئے کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے اور نئے کرداروں کے لیے اداکاروں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں۔

ویب سیریز کے لیے کاسٹ کیے گئے زیادہ تر نئے اداکاروں میں بھارتی و پاکستانی نژاد امریکی مسلمان ہیں۔

سیریز کی نئی کاسٹ میں بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یامسین فلیچر، ساگر شیخ، رش شاہ اور پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ شامل کی گئی ہیں۔

مارول اسٹوڈیو نے یہ واضح نہیں کیا کہ نمرہ بچہ کون سا کردار ادا کریں گی، تاہم اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ وہ سیریز کا حصہ ہیں۔

نمرہ بچہ حال ہی میں چڑیلز ویب سیریز میں دکھائی دی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
نمرہ بچہ حال ہی میں چڑیلز ویب سیریز میں دکھائی دی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

مارول اسٹوڈیو نے دیگر اداکاروں کے کرداروں کی بھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ سیریز کو 2021 کے آخر میں اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کیا جائے گا۔

ساتھ ہی مارول اسٹوڈیو نے 'مس مارول' میں مرکزی کردار 'کمالہ خان' کا کردار ادا کرنے والی ایمان ولانی سے متعلق ایک خصوصی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں اسٹوڈیو کے اہم عہدیدار پہلی خاتون پاکستانی نژاد مسلم سپر ہیرو کے کردار کی تخلیق پر بات کرتے دکھائی دیے۔

مزید پڑھیں: خاتون سپر ہیرو سیریز بنانے کیلئے شرمین عبید سمیت 4 مسلم ہدایت کار اکٹھے

خیال رہے کہ مسلم خاتون سپر ہیرو کردار کمالہ خان کومارول کومکس نے پہلی بار 2014 میں ’مس مارول‘ کی کتاب میں متعارف کرایا تھا، اسی کتاب میں دوسرے خواتین سپر ہیرو کردار بھی متعارف کرائے گئے تھے۔

کمالہ خان کا کردار مختلف صلاحیتوں کا حامل ہوتا ہے جو اسکرین پر سپر ہیرو کردار اسپائیڈر مین کی طرح عمارتوں پر چڑھتے اور حریفوں کو مزے چکھاتے ہوئے دکھائی دے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں