Dawn News Television

شائع 30 دسمبر 2020 10:08pm

عائزہ خان کے انسٹا فالوورز کی تعداد ایمن خان کے برابر ہوگئی

رواں برس اپریل میں پاکستان کی نامور اداکارہ رواں برس اپریل میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ بن گئی تھیں۔

بعدازاں اگست میں ان کے فالوورز کی تعداد 70 لاکھ سے زائد ہوگئی تھی اور وہ سب سے زیادہ انسٹا فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئی تھیں۔

یہی نہیں بلکہ اکتوبر میں ہونے والے ہم سوشل میڈیا ایوارڈز میں اداکارہ ایمن خان کو انسٹاگرام پر پاکستان میں سب سے زیادہ فالو کی جانے والی سیلیبریٹی کا خصوصی اعزاز دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان کے بعد ایمن خان انسٹاگرام پر 50 لاکھ فالوؤرز والی اداکارہ

اس وقت اداکارہ کے فالوورز کی تعداد 74 لاکھ تھی جو اب بڑھ کر 78 لاکھ ہوچکی ہے۔

تاہم حال ہی میں پاکستان کی ایک اور نامور اداکارہ عائزہ خان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد بھی 78 لاکھ ہوگئی ہے اور سوشل میڈیا پر پسند کی جانے والی اداکاراؤں میں ایمن خان کے برابر آگئی ہیں۔

خیال رہے کہ ایمن خان اور عائزہ خان دونوں ہی اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فعال رہتی ہیں۔

ایمن خان اپنی شادی کے بعد سے ڈراما انڈسٹری سے کچھ دور ہوگئی ہیں اور 2019 کے بعد ان کا کوئی نیا ڈراما سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب ڈراما 'میرے پاس تم ہو' سے عائزہ خان کی مقبولیت میں کئی گنا اضافہ ہوا اور ان دنوں وہ 'مہرپوش' ڈرامے میں اداکاری کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عائزہ خان نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ پرائیوٹ کیوں کرلیا؟

یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ گزشتہ برس عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو اچانک پرائیویٹ کردیا تھا بعدازاں انہوں نے اکاؤنٹ کو پبلک کردیا تھا۔

اب دونوں اداکاروں کے درمیان سوشل میڈیا فالوونگ کے حوالے سے سخت مقابلے کا سامنا ہے اب مداح منتظر ہیں کہ عائزہ خان اداکارہ ایمن خان کو فین فالوونگ میں پیچھے چھوڑتی ہیں یا ایمن خان اپنی پوزیشن براقرار رکھتی ہیں۔

Read Comments