Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2021 01:16pm

سرجری کے بعد امیتابھ بچن کی طبیعت میں بہتری

بولی وڈ میگا اسٹار 78 سالہ امیتابھ بچن نے 28 فروری کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں مختصر معلومات کے ساتھ مداحوں کو بتایا تھا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے اور وہ سرجری کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔

امیتابھ بچن نے واضح طور پر مداحوں کو نہیں بتایا تھا کہ وہ کس قسم کی سرجری کے مرحلے سے گزر رہے ہیں اور آیا کہ ان کا آپریشن ہوگیا یا ابھی ہوگا؟

تاہم ان کی پوسٹ کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداح پریشان ہوگئے تھے اور ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے لگے۔

زائد العمر ہوجانے کی وجہ سے پہلے ہی امیتابھ بچن کے مداح ان کی صحت کے لیے فکر مند رہتے ہیں، اور اس پر 28 فروری کو انہوں نے سرجری کا انکشاف کرکے مداحوں کو مزید پریشان کردیا تھا۔

تاہم اب انہوں نے اپنی بلاگ پوسٹ اور ٹوئٹ میں مداحوں کو بتایا ہے کہ ان کی سرجری ہوچکی اور ان کی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔

امیتابھ بچن نے اپنی بلاگ پوسٹ میں سرجری کے بعد کھچوائی گئیں اپنی متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

میگا اسٹار نے اپنی متعدد تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں بظاہر خوش اور صحت مند دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز، سرجری کیلئے ہسپتال منتقل

تصاویر میں امیتابھ بچن کے گال اور آنکھ کے قریب ’بینڈیج‘ دیکھا جا سکتا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اسی جگہ پر ان کی سرجری کی گئی۔

امیتابھ بچن نے اپنی پوسٹس میں وضاحت نہیں کی کہ انہیں ہنگامی طور پر کس مسئلے کی وجہ سے سرجری کرانی پڑی تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق لیجنڈری اداکار کا لیزر آپریشن کیا گیا۔

بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امیتابھ بچن کے آنکھ کے ’موتیا بند‘ کا لیزر آپریشن کیا گیا، جس وجہ سے انہیں ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال داخل ہونا پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیجنڈری اداکار کی طبیعت خطرے سے باہر ہے اور ان کی صحت مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور وہ یکم مارچ کی سہ پہر تک ہسپتال سے گھر چلے جائیں گے۔

امیتابھ بچن کی جانب سے اپنی صحت بہتر ہونے کی اطلاع دیے جانے پر دنیا بھر میں ان کے مدح خوش دکھائی دیے۔

Read Comments