Dawn News Television

شائع 06 مارچ 2021 05:32pm

ٹوئٹر میں میسج کو بھیجنے کے بعد روکنے کے فیچر پر کام جاری

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے صارفین کی جانب سے عرصے سے ایک ایڈٹ بٹن کا مطالبہ کیا جارہا ہے تاکہ ٹوئیٹ میں کوئی غلطی چلی جانے پر اسے ڈیلیٹ کیے بغیر ٹھیک کرنا ممکن ہو۔

تاہم ایڈٹ بٹن کا تو پتا نہیں کب تک صارفین کو دستیاب ہوسکے گا مگر میسج کو ان ڈو سینڈ (undo send) کرنے کے فیچر پر بظاہر ضرور کام ہورہا ہے۔

متعدد ایپس کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ٹوئٹر صارف اور ڈویلپر جین مینچون وونگ نے ایک ٹوئٹ میں یہ بات بتائی۔

انہوں نے ایک انیمٹڈ اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ فیچر کس طرح کام کرے گا۔

اسکرین شاٹ میں دکھایا گیا ہے کہ ایک میسج بھیجنے کے بعد چند سیکنڈوں تک ان ڈو ٹائمز کا آپشن صارفین کے سامنے شو ہوگا۔

یہ فیچر جی میل کے ای میل بھیجنے کے عمل کو ان ڈو کرنے سے ملتا جلتا لگتا ہے، بس اس میں ان ڈو بٹن صارفین کے سامنے ہوگا۔

مختلف افواہوں کے مطابق ان ڈو سینڈ فیچر ٹوئٹر کے سبسکرائپشن پروگرام کا حصہ ہوسکتا ہے۔

یہ ویسا ایڈٹ بٹن تو نہیں جس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے عرصے سے کیا جارہا ہے مگر پھر بھی لوگوں کو ایک ٹوئٹ کو فوری طور پر روکنے کا موقع ضرور مل سکے گا۔

رواں سال کے شروع میں بلومبرگ نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ ٹوئٹر کی جانب سے پیڈ سبسکرائپشنز پروگرام پر کام کیا جارہا ہے تاکہ اشتہاری آمدنی پر انحصار کم کیا جاسکے۔

اس سبسکرائپشن پروگرام میں مختلف فیچرز جیسے ان ڈو سینڈ اور پروفائل کسٹمائزیشن جیسے آپشنز موجود ہوں گے۔

اسی طرح کا ایک فیچر سپر فالوز کو حال ہی میں کمپنی کی جانب سے متعارف بھی کرایا گیا ہے۔

Read Comments