Dawn News Television

شائع 10 مارچ 2021 04:57pm

بھارت نے کبوتر کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 'پی آئی اے' کا غبارہ پکڑ لیا

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے اپنی بوکھلاہٹ کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے جہاز کی شکل کے غبارے کو قبضے میں لے لیا۔

بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے نام، لوگو اور رنگوں والا غبارہ مقبوضہ وادی کے سیکٹر ہیرانگر کے گاؤں سوترا چَک میں دیکھا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر اس کی نشاندہی گاؤں کے افراد نے کی اور پولیس کو اس سے آگاہ کیا، بعد ازاں انتظامیہ نے اس غبارے کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ غبارہ کہاں سے آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں ’پاکستان کا ایک اور جاسوس کبوتر‘ پکڑنے کا دعویٰ

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کے باعث سرحد کے اس پار جانے والی چیزوں اور جانوروں کو بھارتی انتظامیہ جاسوسی کے شبے میں قبضے میں لے لیتی ہے۔

سال 2015 میں بھارتی فورسز نے پاک ۔ بھارت سرحد عبور کرنے والے کبوتر کو پٹھان کوٹ کے علاقے سے پکڑ لیا تھا۔

گزشتہ سال مئی میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے ایک اور 'پاکستانی جاسوس کبوتر' پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا اور اسے مقبوضہ کشمیر کی پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی پولیس کی حراست سے جاسوس 'جانباز خان' فرار

بعد ازاں پاکستانی دیہات کے شہری نے کہا تھا کہ وہ کبوتر اس کا تھا اور اسے جاسوسی یا دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کے الزامات مسترد کردیے تھے۔

Read Comments