Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2021 03:31pm

کینسر کی شکار نائلہ جعفری کی مدد کیلئے اداکار سامنے آگئے

کینسر کی شکار سینئر اداکارہ نائلہ جعفری کی جانب سے ڈراموں کو دوبارہ نشر کیے جانے پر اداکاروں کو بھی دوبارہ معاوضہ دیے جانے اور مالی مدد کی اپیل کے بعد اداکار بھی ان کی مدد کے لیے سامنے آگئے۔

نائلہ جعفری گزشتہ 5 سال سے کینسر سے جنگ لڑ رہی ہیں اور حال ہی میں انہیں انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔

نائلہ جعفری کینسر کے علاج کے لیے کیموتھراپی کروا رہی ہیں تاہم انفیکشن کی وجہ سے انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

ہسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد چند دن قبل ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں وہ ہسپتال کے بستر سے کسم پرسی کی حالت میں مدد مانگتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی تھیں۔

نائلہ جعفری نے واضح طور پر شوبز شخصیات یا ٹی وی مالکان سے مالی مدد نہیں مانگی تھی تاہم انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ جن اداکاروں کے ڈرامے دوبارہ نشر کیے جاتے ہیں، انہیں ان کا معاوضہ بھی دوبارہ ملنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: کینسر میں مبتلا ادکارہ نائلہ جعفری مدد مانگتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں

اداکارہ نے بتایا تھا کہ ایک ٹی وی چینل نے ان کے ایک ڈرامے کو 5 سال میں 6 بار نشر کیا مگر انہیں معاوضہ ایک بار ہی ملا تھا۔

مذکورہ ویڈیو میں اداکارہ جذباتی ہوگئی تھیں، جس کے بعد ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سندھ کی وزارت ثقافت نے نائلہ جعفری کی مدد کا اعلان کیا تھا اور اداکارہ کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔

اور اب نائلہ جعفری کی مدد کے لیے اداکار میکال ذوالفقار اور یاسر حسین بھی سامنے آگئے۔

مزید پڑھیں: حکومتِ سندھ کا کینسر کی شکار نائلہ جعفری کی مدد کا اعلان

میکال ذوالفقار اور یاسر حسین نے نائلہ جعفری کی کسم پرسی پر ڈان امیجز کی خبر پر انسٹاگرام پر کمنٹ کرتے ہوئے اداکارہ کے مطالبے کی حمایت کی اور کہا کہ ٹی وی مالکان کو ڈرامے دوبارہ نشر کرنے یا انہیں یوٹیوب سمیت دیگر سائٹس پر چلانے کا معاوضہ بھی دینا چاہیے۔

میکال ذوالفقار نے نائلہ جعفری کی معاونت کا اعلان کرنے پر سندھ حکومت کی تعریف کی اور ساتھ ہی کہا کہ یہ لازمی ہوگیا ہے کہ ٹی وی مالکان ڈرامے کو دوبارہ نشر کرنے یا پھر اسے یوٹیوب سمیت دیگر سائٹس پر چلائیں تو اداکاروں کو بھی دوبارہ معاوضہ دیں۔

میکال ذوالفقار کے مطابق ٹی وی مالکان کو لکھاریوں، ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز سمیت اداکاروں کو بھی ہر بار معاوضہ دینا چاہیے اور اب اس عمل کو تبدیل ہونا چاہیے کہ صرف ایک بار ہی معاوضہ ملے گا۔

میکال ذوالفقار پہلے بھی مطالبہ کر چکے ہیں کہ ڈرامے کو دوبارہ نشر کرنے پر ٹی وی مالکان اداکاروں کو معاوضہ بھی دوبارہ فراہم کریں۔

ڈان امیجز کی خبر پر اداکار یاسر حسین نے بھی کمنٹ کیا اور نائلہ جعفری کی کسم پرسی کے حوالے سے کہا کہ یہ ٹی وی والوں اور اداکاروں کے لیے شرم کا مقام ہے۔

یاسر حسین نے لکھا کہ افسوس صد افسوس، پھر ہم کہتے ہیں کہ ہمیں خدا کا خوف ہے اور آخرت سے ڈرتے ہیں۔

دونوں اداکاروں کی طرح دیگر شوبز شخصیات نے بھی نائلہ جعفری کی کسم پرسی پر آواز اٹھائی اور ان کی مالی معاونت کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ نائلہ جعفری 2016 سے بیمار ہیں اور ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی۔

نائلہ جعفری سے متعلق 4 سال قبل 2017 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کینسر کے تیسرے اسٹیج کی وجہ سے انہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا۔

بعد ازاں نائلہ جعفری کو کچھ عرصہ ہسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا تاہم وہ 2016 سے مسلسل زیر علاج ہیں اور وقتاً فوقتاً ہسپتال داخل ہوتی رہی ہیں۔

Read Comments