Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2021 03:08pm

پی آئی اے کا لاہور سے اسکردو ایئرپورٹ کیلئے پروازوں کا آغاز

گلگت: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے پہلی مرتبہ براہ راست پرواز اسکردو ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

پی کے 8453 پرواز بدھ کی صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 153 مسافروں کے ساتھ روانہ ہوئی اور ایک گھنٹے 15 منٹ کے بعد اسکردو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔

پی آئی اے عہدیداروں نے اسکردو ایئرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

مزید پڑھیں: سیاحت کے فروغ کے لیے پی آئی اے کا سوات تک پروازیں چلانے کا فیصلہ

گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت راجا ناصر علی خان نے بتایا کہ براہ راست لاہور سے آنے والی پی آئی اے کی پہلی پرواز کے اسکردو ایئرپورٹ پر لینڈنگ پر واٹر کینن سے استقبال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سے اسکردو کے راستے پر ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی جو خطے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے معاون ثابت ہوں گی۔

انہوں نے اس اہم اقدام پر وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سیاحت پر کورونا بحران کے بڑھتے سائے

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 'میں وزیر سیاحت کے عہدے پر رہتے ہوئے گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا وعدہ کرتا ہوں'۔

وزیر سیاحت نے کہا کہ لاہور اور اسکردو کے درمیان پروازیں ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ایک نیا ٹریول کوریڈور کھولیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ پرواز کے پائیدار آپریشن کے منتظر ہیں کیونکہ اس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گی بلکہ قومی ایئرلائنز کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

پی آئی اے کے چیف ایکزیکٹو آفیسر (سی او او) ارشد ملک نے کہا کہ نئی فلائٹ آپریشنز سے ملک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

Read Comments