Dawn News Television

شائع 12 اپريل 2021 12:16pm

’نو میڈ لینڈ‘ 4 بافٹا ایوارڈز جیتنے میں کامیاب

آسکر اور گولڈن گلوب ایوارڈز کے بعد اہم ترین برٹش فلم ایوارڈز ’دی برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی وژن آرٹس‘ (بافٹا) کی 74 ویں سالانہ تقریب میں پہلی بار ایک ایشیائی ںژاد خاتون فلم ساز کو بہترین فلم ہدایت کار کے ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق 74 بافٹا ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد کی گئی، جس کے لیے امریکا اور برطانیہ سے الگ الگ نشریاتی چلائی گئیں۔

برطانیہ سے چلنے والی آن لائن تقریب کی میزبان پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر گلوکار نک جونس نے کی جب کہ امریکا سے بھی ایوارڈز تقریب کو آن لائن دکھایا گیا۔

بافٹا کے 74 ویں سالانہ میلے میں مجموعی طور پر 27 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے اور پہلی بار میلے میں ایشیائی نژاد خاتون فلم ساز ہدایت کارہ چلوئے ژاؤ کو ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ حیران کن طور پر ہدایت کارہ چلوئے ژاؤ کی فلم ’نو میڈ لینڈ‘ نے بہترین ڈائریکٹر سمیت تین بڑے ایوارڈز اپنے نام کیے اور مجموعی طور پر فلم کو چار ایوارڈز سے نوازا گیا۔

’نو میڈ لینڈ‘ نے بہترین ہدایت کار، بہترین فلم، بہترین اداکارہ اور بہترین عکسبندی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

اسی فلم کی اداکارہ 63 سالہ اداکارہ فرانسس مکڈورمنڈ کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ بہترین اداکار کا ایوارڈ ’دی فادر‘ فلم کے اداکار 83 سالہ اینتھونی ہاپکنس کے حصے میں آیا۔

بہترین برطانوی فلم کا ایوارڈ ’پرامسنگ ینگ وویمن‘ کو دیا گیا جب کہ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ڈینیئل کلویا اور بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ یو جنگ یون کو دیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بافٹا فلم ایوارڈ تقریب میں 9 اپریل کو دنیا سے رخصت ہونے والے برطانوی شہزادہ فلپس کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپس بافٹا فلم ایوارڈ کے 1959 میں پہلے صدر تھے اور اس وقت ان کے پوتے شہزادہ ولیم بافٹا کے صدر ہیں۔

دادا کے انتقال کی وجہ سے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ نے بھی فلم ایوارڈ میں شرکت نہیں کی۔

Read Comments