Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2021 08:07pm

مسز سری لنکا تنازع: مسز ورلڈ مستعفی، تاج واپس کردیا

مسز سری لنکا کے سر پر پہنایا گیا تاج اتارنے اور انہیں مبینہ طور پر زخمی کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والی مسز ورلڈ کیرولین جیوری نے اپنے اعزاز سے دستبرار ہوتے ہوئے تاج واپس کردیا۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق مسز ورلڈ کی آرگنائزیشن نے کہا کہ 'رضاکارانہ استعفے کا فیصلہ مکمل طور پرکیرولین جیوری کا ذاتی فیصلہ ہے'۔

تاہم جب رائٹرز نے کیرولین جیوری سے اس سلسلے میں رابطہ کیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: 'مسز سری لنکا' کی اہلیت پر تنازع، تاج پہنا کر واپس لے لیا گیا

مسز ورلڈ کے مقابلے کا انعقاد کرانے والی تنظیم نے کہا کہ 2020 کے مقابلے کی رنر اپ، آئرلینڈ کی کیٹ شنائیڈر اب نئی مسز ورلڈ 2020 قرار پائیں گی۔

تنازع کے حوالے سے مسز ورلڈ کی تنظیم نے کہا تھا کہ معاملے کا جائزہ لینا ملک میں موجود منتظمین کا معاملہ ہے اور مسز ورلڈ 2021 کے مقابلے میں اس کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا جس کی میزبانی اس سال سری لنکا کرے گا۔

خیال رہے کہ 3 اپریل کو ٹی وی پر نشر کی گئی تقریب میں پشپیکا ڈی سلوا نے 'مسز سری لنکا' کا اعزاز جیتا تھا لیکن مسز ورلڈ کیرولین جیوری نے انہیں تاج پہنایا اور پھر اتار دیا تھا۔

انہوں نے شرکا کو بتایا تھا کہ 'مقابلے کے قواعد کے مطابق طلاق یافتہ خاتون اس کا حصہ نہیں بن سکتیں لہذا وہ دوسرے نمبر پر پہنچنے والی خاتون کو تاج پہنارہی ہیں'۔

انہوں نے رنر اپ کو مسز سری لنکا کا تاج پہنایا تھا جبکہ پشپیکا ڈی سلوا کو ویڈیو میں روتے ہوئے اسٹیج سے جاتے دیکھا گیا۔

تنازع کے بعد مقابلہ حسن کے منتظمین کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ پشپیکا ڈی سلوا مطلقہ نہیں ہیں جس کے بعد انہیں اعزاز واپس کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'مسز سری لنکا' کی اہلیت کے تنازع پر مسز ورلڈ گرفتار

مقابلہ حسن کی تقریب میں اسٹیج پر ہونے والے جھگڑے میں پشپیکا ڈی سلوا نے سر پر چوٹیں آنے کا دعویٰ کیا تھا اور قانونی چارہ جوئی کا کہا تھا جس کے بعد کیرولین جیوری کو گرفتار کیا گیا۔

جس کے چند روز بعد کولمبو کی پولیس نے پشپیکا ڈی سلوا کی شکایت پر کیرولین جیوری کو گرفتار کیا تھا جنہیں بعدازاں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ مسز سری لنکا کا مقابلہ حسن ایشیائی ملک میں ہونے والا ایک بڑا مقابلہ ہے، جس کی تقریب میں سری لنکا کی وزیراعظم نے بھی بطورِ مہمان شرکت کی تھی۔

مسز سری لنکا 2021 کی فاتح اب مسز ورلڈ مقابلے کا حصہ بنیں گی، کیرولین جیوری 2019 میں مسز سری لنکا کی فاتح قرار پائی تھیں اور انہوں نے 2020 میں لاس ویگاس میں مسز ورلڈ کا تاج جیتا۔

Read Comments