Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2021 08:02pm

آغا علی کا حکومت سے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ

ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں طلبہ کیمبرج امتحانات کے عنقریب انعقاد سے پریشانی کا شکار ہیں اور امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

اور اب اداکار آغا علی بھی ان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں جنہوں نے حکومت سے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اداکار آغا علی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مئی میں ہونے والے سالانہ کیمبرج امتحانات (سی اے آئی ای) کو منسوخ کرے۔

فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری میں اداکار آغا علی نے امتحانات کے انعقاد سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طلبہ کے مؤقف کی حمایت کی۔

آغا علی نے کہا کہ 'تقریباً تمام انسٹیٹوٹس، اسکولز اور کالجز بند ہیں اور ہم سب جانتے ہیں آن لائن کلاسز کتنی مفید ہیں'۔

مزید پڑھیں: 'آپ کو افسوس ہوگا'، امتحانات منسوخ نہ کرنے کے فیصلے پر وقار ذکا کا ردعمل

انہوں نے کہا کہ وائرس کی نئی لہر انتہائی مہلک ہے تو کیا یہ خطرہ مول لینا ٹھیک ہے؟

آغا علی نے حکومت سے طلبہ کے سابقہ ریکارڈز کی بنیاد پر ان کے امتحانات منسوخ کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ 'پورا ملک بہت دباؤ کا شکار ہے اور اس سے طلبہ کو ذہنی پریشانی کا سامنا ہے'۔

آغا علی سے قبل گلوکار عاصم اظہر نے بھی طلبہ کے حق میں آواز اٹھائی تھی۔

عاصم اظہر نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'عالمی وبا کی وجہ سے طلبہ حقیقت میں بہت زیادہ پریشان ہیں جس کے باعث تعلیمی اداروں کو بار بار کھولا اور بند کیا جارہا ہے'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'میں ذاتی طور پر کچھ طلبہ کو جانتا ہوں جن کا سلیبس بھی مکمل نہیں ہوسکا'۔

عاصم اظہر نے کہا تھا کہ 'برائے کرم کچھ کریں اور بچوں کا ساتھ دیں'۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے سے متعلق طلبہ کے منفی ردعمل پر وزیر تعلیم حیران

علاوہ ازیں ٹی وی شو ہوسٹ وقار ذکا نے امتحانات سے متعلق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'آپ کو اس (فیصلے) پر افسوس ہوگا'۔

سماجی کارکن جبران ناصر بھی اس حوالے سے آواز اٹھاتے رہے ہیں اور انہوں نے ملک میں امتحانات کے انعقاد کے غیرمحفوظ ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے چند روز قبل ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'شہروں کو مکمل شٹ ڈاؤن کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے لیکن ایگزامنر کے محفوظ متبادل کے باوجود امتحانات ہونے چاہئیں'۔

طلبہ ان دنوں ایک نئے انسٹاگرام پیج Cancel CIAE exams 2021 پر تمام اپڈیٹس پوسٹ کررہے ہیں جس کے 50 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔

Read Comments