Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 جون 2021 06:45pm

بلی آئلش نے نامناسب زبان کے استعمال پر ایشیائی افراد سے معافی مانگ لی

کم عمری میں ہی متعدد ریکارڈز اپنے نام کرنے والی پاپ گلوکارہ 19 سالہ بلی آئلش نے لاعلمی میں ایشیائی اور سیاہ فام افراد کے حوالے سے نامناسب زبان استعمال کرنے پر معافی مانگی لی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بلی آئلش نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایشیائی نژاد اور سیاہ فام افراد سے معافی مانگتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے گانے کی ایک ویڈیو میں وہ جس زبان کا استعمال کر رہی ہیں، انہیں اس وقت مذکورہ زبان کے مفہوم کا علم نہیں تھا۔

گلوکارہ نے اپنے معافی نامے میں لکھا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو اس وقت کی ہے جب ان کی عمر 13 سے 14 سال تھی اور تب انہیں ویڈیو میں گنگنائے گئے جملوں اور کچھ اصطلاحات کا مطلب معلوم نہیں تھا۔

گلوکارہ نے اپنی پوسٹ میں ماضی کی غلطی کو اپنی لاعلمی اور کم عقلی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس وقت وہ کم عمر تھیں اور انہیں اس کا علم نہیں تھا کہ وہ جو زبان استعمال کر رہی ہیں، وہ کسی کی توہین کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

انہوں نے اپنے معافی نامے میں ایشیائی نژاد افراد اور سیاہ فام لوگوں سے پیار اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا اور لکھا کہ ان کی پرورش دوسرے لوگوں کے ساتھ پیار اور ان کی عزت کرنے کے طور پر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلی آئلش کے گانے ’بیڈ گائے‘ نے ریکارڈ بنالیے

بلی آئلش نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے دوسروں کی عزت کرنے، دوسرے لوگوں سے پیار کرنے، پودوں اور جانوروں کو بڑا کرتے ہوئے زندگی گزاری ہے۔

انہوں نے لکھا کہ لاعلمی سے ان سے ہونے والی غلطی نے دوسروں لوگوں کو تکلیف پہنچائی، جس کی وجہ سے وہ ان تمام افراد سے معافی کی طلب گار ہیں۔

بلی آئلش نے ایسے وقت میں ایشیائی نژاد اور سیاہ فام افراد سے معافی مانگی ہے جب کہ حال ہی میں امریکا اور یورپ میں ٹک ٹاک پر ان کی پرانی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں ایسی اصطلاحات کو گنگناتے ہوئے دیکھا گیا تھا جو ایشیائی نژاد یا سیاہ فام افراد سے نفرت کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں۔

انہیں وائرل ویڈیو میں انگریزی زبان کی ایسی اصطلاحات کو خوشی سے گنگناتے دیکھا گیا تھا، جنہیں عام طور پر امریکا یا یورپ میں سیاہ فام افراد سے نفرت اور تعصب سمیت ایشیائی نژاد لوگوں سے نسلی تعصب کے وقت استعمال کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: بلی آئلش کی تصویر نے 6 منٹ میں ریکارڈ بنا ڈالا

بلی آئلش کی مذکورہ ویڈیو ان کے مشہور ہونے سے قبل کی ہے، اگرچہ انہوں نے انتہائی کم عمری میں ہی گلوکاری کی شروعات کی تھیں مگر انہیں 16 سال کی عمر کے بعد شہرت ملی۔

انہوں نے 2019 میں 18 برس کی عمر میں شہرہ آفاق فلم ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کے لیے گانا گاکر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

وہ پہلی گلوکارہ بنی تھیں، جنہوں نے محض 18 برس کی عمر میں جیمز بانڈ کے لیے گانا گیا۔

اسی طرح وہ 18 برس کی عمر سے قبل ہی معروف میوزیکل ایوارڈ ’گریمی‘ کے لیے نامزد ہونے والی گلوکارہ بھی بنی تھیں جب کہ 2019 میں وہ 18 برس کی عمر میں بیک وقت 5 ’گریمی‘ ایوارڈز جیتنے والی بھی پہلی گلوکارہ بنی تھیں۔

Read Comments