کووڈ سے مسلسل 10 ماہ تک متاثر رہنے والا مریض
دنیا میں کووڈ 19 سے اب تک سب سے زیادہ عرصے تک متاثر رہنے والے شخص میں 290 دن تک کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا اور وہ بیماری کے باعث 7 بار ہسپتال میں زیرعلاج رہ چکا ہے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 72 سالہ ڈیو اسمتھ نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک 43 بار اس کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آچکا ہے اور ایک بار تو وہ مسلسل 5 گھنٹے تک کھانستا رہا تھا۔
اس کی بیماری کو اب تک طویل ترین متحرک کووڈ کیس قرار دیا جارہا ہے۔
اس عرصے کے دوران ڈیو اسمتھ کا وزن 63 کلو سے زیادہ کم ہوچکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اتنے زیادہ ٹیسٹ مثبت رہنے کے بعد وہ ہار ماننے اور مرنے کے لیے تیار تھے۔
اہوں نے اپنی اہلیہ کو بھی کہا 'مجھے جانے دو، میں خلا میں معل ہوں، مگر حال بہت خراب ہے'۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے 5 بار تدفین کے انتظامات پر بھی کام شروع کردیا تھا۔
ان کی اہلیہ لنڈا نے بتایا کہ انہیں بھی لگتا تھا کہ ان کا شوہر کورونا کے باعث ہلاک ہوجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ڈیو اسمتھ میں بیماری کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ ماضی میں خون کے سرطان کی وجہ سے انہیں کیموتھراپی دی گئی تھی۔
ان کا علاج دوا ساز کمپنی ری جینرون کی تیار کردہ اینٹی وائرل ادویات سے کیا گیا اور اب سائنسدانوں کی جانب سے تحقیق کی جارہی ہے تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ وائرس میں کس طرح میوٹیشنز ہوتی ہیں۔
اس اینٹی وائرل کاک تیل کے نتیجے میں وہ اب کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔