Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2021 05:53pm

کورونا سے متاثرہ فرد سے رابطے کے بعد کیٹ میڈلٹن نے خود کو قرنطینہ کرلیا

برطانوی شہزادے ولیم کی اہلیہ اور ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے شخص سے رابطے میں آنے کے بعد اپنی تمام تر مصروفیات منسوخ کرتے ہوئے خودساختہ قرنطینہ کرلیا ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق کنسنگٹن محل کے ترجمان نے کہا کہ ’گزشتہ ہفتے ڈچز آف کیمبرج کا رابطہ ایک ایسے فرد سے ہوا جس کا بعدازاں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’شہزادی کیٹ مڈلٹن میں کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں لیکن وہ تمام متعلقہ حکومتی ہدایات پر عمل کررہی ہیں اور انہوں نے گھر میں خود ساختہ قرنطینہ کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں: برطانوی شہزادہ ولیم اپریل میں کورونا کا شکار ہوگئے تھے، رپورٹ

ملکہ برطانیہ کے پوتے، شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی اہلیہ گزشتہ ہفتے بہت سی تقاریب میں شریک ہوئیں اور انہوں نے 2 جولائی کو ویمبلڈن ٹینس چیمپئن شپ میں بھی شرکت کی تھی۔

انہوں نے آج (5 جولائی کو) شہزادہ ولیم کے ساتھ برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے 73 مکمل ہونے پر منعقد کی جانے والی تقریب میں بھی شرکت کرنی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ برطانوی شہزادہ ولیم اپریل 2020 میں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے لیکن انہوں نے ملک میں زیادہ خوف نہ پھیلنے کے باعث اپنی بیماری کو خفیہ رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شہزادہ چارلس بھی کورونا کا شکار

گزشتہ برس مارچ میں برطانیہ میں کورونا وائرس اپنے عروج پر تھا اور شاہی خاندان نے بھی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ایک دوسرے سے سماجی دوری اختیار کرلی تھی۔

مارچ 2020 کے آخر میں ہی شہزادہ ولیم کے والد شہزادہ چارلس میں کورونا کی تشخیص بھی ہوئی تھی جبکہ ملکہ برطانیہ نے بھی احتیاطی تدابیر کے تحت شاہی محل کو چھوڑ کر ونڈسر محل میں منتقل ہوگئی تھیں۔

اگرچہ اس وقت صرف شہزادہ چارلس کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی تاہم ایک ہفتے کے اندر وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔

Read Comments