Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2021 05:18pm

اداروں کو بھی نواز شریف کے بیانیے پر چلنا ہوگا، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کے اداروں کو بھی نواز شریف کے بیانیے پر چلنا ہوگا اور وہ وقت دور نہیں جب سب وہی کہیں گے جو نواز شریف کہہ رہے ہیں۔

آزاد کشمیر کی وادی لیپا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کہ کشمیر میں پھر شیر آ رہا ہے، عمران خان کشمیر آکر اپنا وقت ضائع نہ کریں کیونکہ کشمیر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے باسیوں کا رزق وفاق کے ہاتھ میں نہیں بلکہ اللہ کے ہاتھ میں ہے، اگر آپ کو بجٹ ملتا ہے تو وہ کوئی بھیک نہیں ہے بلکہ کشمیریوں کا حق ہے، کشمیریوں سے کوئی ان کا حق چھین لے اور نواز شریف اور مریم نواز بیٹھ کر دیکھتے رہیں یہ نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہاں ووٹ لینے نہیں آئی بلکہ کشمیر کا ایک ایک حصہ دیکھنے کو ملا، مجھے کئی مقامات پر فوجی جوان نظر آئے اور انہوں نے مجھے سیلوٹ کیا تو مجھے ایک تعلق کا احساس ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر کے لیے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ کئی لوگ اپنے ذاتی مفاد کے لیے نواز شریف کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ شاید نواز شریف فوج کے خلاف ہیں، تو انہیں شرم آنی چاہیے، فوج کا بجٹ اور فوجی جوانوں کی تنخواہ آخری مرتبہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں بڑھی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس دھرتی کا بیٹا ہے اور سابق وزیر اعظم نے جن پر تنقید کی اس کو کسی ادارے پر تنقید کا نام نہ دیا جائے، اس لیے ان لوگوں نے جو کام کیا اس کا نقصان نہ صرف پاکستان اور کشمیر کو ہوا بلکہ ادارے بھی متاثر ہوئے۔

مریم نواز نے کہا کہ ’اداروں کو بھی نواز شریف کے بیانیے پر چلنا ہوگا اور وہ وقت دور نہیں جب سب وہی کہیں گے جو نواز شریف کہہ رہے ہیں‘۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جو آر ٹی ایس کے ذریعے دھاندلی کرتی ہے بلکہ الیکشن کمیشن کا عملہ ہی اٹھا کر لے جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان آزاد کشمیر میں 'ووٹ خرید' رہے ہیں، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 3 برس میں پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا ہے اور اب کشمیر میں ترقی کو ریوس گیئر لگانے کے لیے یہاں آرہا ہے، عمران خان سے پوچھنا کہ کیا تم فاروق حیدر کی ترقی کو بھی پیچھے دھکیلنے آئے ہو، کیا تم چینی، آٹا چھیننے آرہے ہو، کیا کشمیریوں کو بھی قطاروں میں کھڑا کرنے آرہے ہو۔

مریم نواز نے عدالتوں کا فیصلے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، مفتاح اسمٰعیل پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے، ان کا کرپشن کا بیانیہ زمین پر منہ کے بل پڑا ہے‘۔

Read Comments