Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 اگست 2021 04:44pm

پاکستان سلامتی کونسل میں بھارتی طرز عمل پر کڑی نظر رکھے گا، منیر اکرم

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان، بھارت پر کڑی نظر رکھے گا تاکہ یقینی بنایا جاسکے کہ نئی دہلی، سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران ملک کے بنیادی مفادات کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے اگست کے لیے فرانس سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کی صدارت حاصل کر لی ہے, یہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر 22-2021 کے لیے بھارت کی پہلی مدت صدارت ہے۔

منیر اکرم نے ڈان کو بتایا کہ 'یقینی طور پر بھارت، سلامتی کونسل کی صدارت کو دہشت گردی سمیت مختلف معاملات پر اپنے بیانیے کے فروغ کے لیے استعمال کرے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم اس کے طرز عمل کی کڑی نگرانی کریں گے اور یقینی بنائیں گے کہ ایسا کوئی اقدام کامیاب نہ ہو جو پاکستان کے بنیادی مفادات کے خلاف ہو'۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو بھارت سے بحیثیت صدر سلامتی کونسل مثبت رویے کی اُمید

بھارت کے مستقل نمائندے تریمورتی نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ صدارت کے دوران بھارت میری ٹائم سیکیورٹی، امن کے قیام اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے 3 اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انتظام کرے گا۔

پیر کا روز بھارت کی صدارت کا پہلا دن ہوگا جب تریمورتی، اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ایک ماہ کے لیے کونسل کے پروگرام کے حوالے سے ہائبرڈ پریس بریفنگ دیں گے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا 9 اگست کو سلامتی کونسل سے خطاب متوقع ہے، وہ سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرنے والے بھارت کے پہلے وزیر اعظم ہوں گے۔

Read Comments