Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 اگست 2021 05:49pm

ترکی کے شمالی علاقوں میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 58 ہوگئی

ترکی میں رواں ماہ بحیرہ اسود کے علاقوں میں آنے والے بدترین سیلاب میں کئی علاقے تباہ ہوگئے اور 58 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ترک حکام دو ہفتوں تک جنوبی ساحلی علاقوں میں جنگل کی آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہی تھے کہ سیلاب نے شمالی صوبوں میں تباہی مچا دی۔

مزید پڑھیں: ترکی میں آگ لگنے کے متعدد واقعات، 4 افراد ہلاک 180 زخمی

ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بتایا کہ صوبہ کستامونو میں سیلاب کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مزید 9 افراد سینوپ اور ایک بارٹن میں لقمہ اجل بن گیا۔

کستامونو صوبے کے بوزکرٹ قصبے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا اور ایمرجنسی کارکن لاپتا افراد کو منہدم عمارتوں میں تلاش کر رہے ہیں۔

سیلاب میں درجنوں کاریں اور ملبے کے ڈھیر سڑکوں پر آ گئے جبکہ عمارتیں اور پل تباہ جبکہ سڑکیں بند ہو گئی اور سیکڑوں دیہات کی بجلی منقطع ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی سمیت مغربی یورپ میں بارش اور سیلاب سے تباہی، 50 افراد ہلاک

اے ایف اے ڈی نے بتایا کہ 2 ہزار سے زائد افراد کو متاثرہ علاقوں سے نکالا گیا اور اس سلسلے میں کچھ لوگوں کو نکلانے کے لیے ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کی مدد بھی لی گئی۔

وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے بارٹن، کستامونو اور سینوپ صوبوں میں ہوئے نقصان کا سروے کرنے کے بعد جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیلاب سے آنے والی بدترین تباہی ہے۔

Read Comments