پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کی زندگی پر بننے والی ٹیلی فلم کا ٹیزر ریلیز

اپ ڈیٹ 15 اگست 2021
ایک ہے نگار میں اداکارہ ماہرہ خان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی—فوٹوز: آئی ایس پی آر/اسکرین شاٹ
ایک ہے نگار میں اداکارہ ماہرہ خان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی—فوٹوز: آئی ایس پی آر/اسکرین شاٹ

پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بنائی جانے والی ٹیلی فلم 'ایک ہے نگار' کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا جس میں اداکارہ ماہرہ خان ان کا کردار ادا کریں گے۔

گزشتہ چند روز سے خبریں زیر گردش تھیں کہ ماہرہ خان جلد ہی اسکرین پر پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

وائرل ہونے والی پوسٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا مذکورہ ٹیلی فلم کی شوٹنگ راولپنڈی میں آرمی میڈیکل کالج میں جاری ہے اور ماہرہ خان بھی اس کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا ماہرہ خان اسکرین پر پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل بننے جا رہی ہیں؟

جس کے بعد یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بنائی جانے والی ٹیلی فلم کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا۔

یہ ٹیلی فلم پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کی معاونت سے تیار کی جارہی ہے اور نجی چینل اے آر وائے ڈیجیٹیل پر ریلیز ہوگی۔

یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹوئٹر سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیے گئے ٹیزر میں پاک فوج کے یونیفارم میں ملبوس اداکارہ ماہرہ خان کو، لیفٹیننٹ جنرل نگار کے روپ میں آرمی میڈیکل کالج کے باہر کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔

'ایک ہے نگار' کی کہانی معروف ناول و ڈراما نگار عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے اور اس کی ہدایات عدنان سرور دے رہے ہیں۔

یہ ٹیلی فلم نینا کاشف اور ماہرہ خان کے پروڈکشن ہاؤس سول فرائے کے بینر تلے نجی ٹی وی چینل پر ریلیز کی جائے گی۔

اس ٹیلی فلم کی کاسٹ میں ماہرہ خان، بلال اشرف اور سہیل سمیر سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے اس ٹیلی فلم کا ٹیزر ریلیز کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ جلد نشر ہوگی۔

نجی چینل اے آر وائے کے مطابق 'ایک ہے نگار' پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو خراجِ تحسین ہے، وہ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک بڑی علامت ہیں۔

دوسری جانب اداکارہ ماہرہ خان نے اس ٹیلی فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز ہے جنہیں میں بہت پسند کرتی ہوں جو پاک فوج کی پہلی خاتون تھری اسٹار جنرل ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ایک ہے نگار' میں لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی اور کیریئر کی کہانی بیان کی گئی ہے۔

ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ 'کیا زندگی، کیا کہانی ہے، وہ ہمارے درمیان موجود ایک عظیم شخصیت ہیں'۔

'ایک ہے نگار' کی کہانی لکھنے والی لکھاری عمیرہ احمد کی جانب سے بھی ٹیلی فلم کا ٹیزر ریلیز کیا گیا۔

خیال رہے کہ نگار جوہر خان کو پاک فوج میں گزشتہ برس جون میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، اس سے قبل وہ میجر جنرل کے عہدے پر خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔

وہ مذکورہ عہدہ حاصل کرنے والی پہلی خاتون فوجی افسر بنی تھیں، انہیں جون 2020 میں ترقی دے کر سرجن جنرل آف پاکستان آرمی تعینات کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نگار جوہر پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل

لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر آرمی میڈیکل کالج کی گریجویٹ ہیں اور پاک فوج میں تقریباً 3 دہائیوں پر مشتمل کیریئر میں انتظامی اور مختلف امور میں سربراہی کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے فیملی میڈیسن میں ایم سی پی ایس، ایڈوانسڈ میڈیکل ایڈمنسٹریشن میں ایم ایس سی اور صحت عامہ میں ماسٹرز کررکھا ہے۔

آرمی میڈیکل کور کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر انہیں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز ملیٹری اور فاطمہ جناح گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔

نگار جوہر خان کو جون 2020 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
نگار جوہر خان کو جون 2020 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

تبصرے (0) بند ہیں