Dawn News Television

شائع 23 اگست 2021 11:35pm

شاہین کی 6 وکٹیں، پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز 150 رنز پر ڈھیر

شاہین شاہ آفریدی سمیت پاکستانی فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے سبب ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 150 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔

کنگسٹن کے سبینا پارک میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 39 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو نکومورا بونر اور الزاری جوزف وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کو چوتھی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور دن کے آغاز میں ہی الزاری جوزف صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

45 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد نکومورا بونر کا ساتھ دینے جرمین بلیک وُڈ آئے اور دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے ساتھ ساتھ 70 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس سے قبل یہ شراکت پاکستان کے لیے خطرناک ثابت ہوتی، محمد عباس نے بونر کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پانچویں کامیابی دلا دی جبکہ اگلی ہی گیند پر کائل میئرز کو بھی چلتا کردیا۔

ابھی پاکستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں شاہین نے جرمین بلیک وُڈ کی قیمتی وکٹ حاصل کر لی۔

جوشوا ڈی سلوا کا بھی وکٹ پر قیام محدود رہا اور وہ بھی صرف چھ رنز بنا کر محمد عباس کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس مرحلے پر جیسن ہولڈر نے چند ہاتھ دکھاتے ہوئے 26 رنز کی اننگز کھیل کر اسکور کو 143 رنز تک پہنچا دیا لیکن شاہین نے شاندار باؤلنگ جاری رکھتے ہوئے سابق ویسٹ انڈین کپتان کو آؤٹ کر کے پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے دیا۔

شاہین نے اگلے ہی اوور میں کیماروچ کو بھی آؤٹ کر کے 150رنز پر ویسٹ انڈین اننگز کا خاتمہ کردیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عباس نے تین وکٹیں لیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 302 رنز بنائے جس کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 152 رنز کی برتری حاصل کی۔

Read Comments