سائنس و ٹیکنالوجی

آئی فون سے اینڈرائیڈ فون میں واٹس ایپ چیٹ ڈیٹا منتقل کرنا اب ممکن

ابتدائی طور پر یہ فیچر اینڈرائیڈ 10 یا 11 پر کام کرنے والے سام سنگ فونز کے لیے دستیاب ہوگا۔

اگست میں سام سنگ کی جانب سے نئے فولڈ ایبل فونز پیش کیے جانے کے موقع پر واٹس ایپ نے آئی او ایس ڈیوائسز سے چیٹ ہسٹری ایںڈرائیڈ فونز میں منتقل کرنے کی سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اب یہ فیچر باضابطہ طور پر صارفین کو دستیاب ہے اور ابتدائی طور پر اینڈرائیڈ 10 یا 11 آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے سام سنگ فونز پر اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یعنی اگر آپ کے پاس اگر اینڈرائیڈ 10 یا 11 پر کام کرنے والے سام سنگ فون موجود ہے اور کسی آئی فون سے اپنی چیٹ ہسٹری منتقل کرنا چاہتے ہیں، تو ایسا کرسکتے ہیں۔

اس کے لیے بس اینڈرائیڈ 10 یا 11 پر کام کرنے والے سام سنگ فون میں واٹس ایپ کو انسٹال کرنا ہوگا جس کے بعد ایک آپشن نظر آئے گا۔

یہ آپشن چیٹس کو کسی آئی فون سے محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کا ہوگا اور اس عم کے لیے یو ایس سی ٹو لائٹننگ کیبل کی ضرورت ہوگی۔

اس منتقلی میں اکاؤنٹس انفارمیشن، پروفائل فوٹو، انفرادی چیٹس، گروپ چیٹس، چیٹ ہسٹری، میڈیا (وائس میسجز، تصاویر اور ویڈیوز) اور سیٹنگز سب کچھ ایک سے دوسرے فون میں ٹرانسفر ہوجائے گا۔

مگر کال ہسٹری اور ڈسپلے نیم چیٹ ٹرانسفر کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اس کا مکمل طریقہ کار اور ضروریات کو اس لنک پر جاکر دیکھ سکتے ہیں مگر اس کے لیے سام سنگ اسمارٹ سوئچ کی ضرورت ہوگی اور بظاہر ڈیٹا ٹرانسفر اسی وقت ہوسکے گا جب آپ کا سام سنگ فون نیا ہو یا آپ نے فیکٹری سیٹںگز کو ری سیٹ کیا ہو۔

واٹس ایپ کے مطابق بتدریج یہ ٹول اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر کام کرنے والے تمام فونز کو دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ اگست میں اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے کمپنی نے بتایا کہ اس ٹول پر عملدرآمد بہت مشکل تھا کیونکہ تمام میسجز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ اور ڈیوائس میں محفوظ ہوتے ہیں۔

اس ڈیٹا کی منتقلی کے لیے واٹس ایپ، او ایس ڈیولپرز اور فون بنانے والی کمپنیوں کو اضافی کام کی ضرورت تھی۔

آسان الفاظ میں یہ ٹول سب کی مشترکہ کوششوں کا ہی نتیجہ ہے۔

یہ نیا فیچر ملٹی ڈیوائس سپورٹ کے لیے بھی کارآمد ہوگا کیونکہ اس چیٹ مائیگریشن ٹول سے صارفین کو ایک اکاؤنٹ کے تحت کئی ڈیوائسز کو منسلک کرنے کی سہولت مل سکے گی۔

whatsapp

واٹس ایپ کا مخصوص اسمارٹ فونز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان

واٹس ایپ کے بظاہر معمولی فیچرز جو اس کے استعمال کا تجربہ بدل کر رکھ دیں گے

واٹس ایپ میں ڈیوائس اسٹوریج بچانے کے لیے نئے فیچر کا اضافہ