Dawn News Television

شائع 07 ستمبر 2021 10:56pm

ایپل کے آئی فون 13 کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی

اگر آپ ایپل کے نئے آئی فونز کے منتظر ہیں تو یہ انتظار اب ختم ہونے والا ہے۔

کمپنی کی جانب سے آئی فون 13 سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے ایک ایونٹ کے دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں جو 14 ستمبر کو آن لائن منعقد ہوگا۔

اس دعوت نامے میں کچھ زیادہ اشارے نہیں ملتے مگر مہینوں سے لیکس اور افواہوں سامنے آرہی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نئے آئی فونز اس ایونٹ میں پیش ہوں گے۔

آئی فون 13 (یا جو بھی کمپنی کی جانب سے اس کا نام رکھا جائے گا) بنیادی طور پر گزشتہ سال کے آئی فون 12 کے اپ ڈیٹ ورژن ہوں گے اور بہت زیادہ مختلف ہونے کا امکان نہیں۔

مختلف رپورٹس کے مطابق اس بار آئی فونز کا نوچ چھوٹا ہوگا جبکہ آل ویز آن 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والے ڈسپلے بھی پہلی بار ایپل کے فلیگ شپ فون کا حصہ بن سکتے ہیں۔

پہلے سے بہتر کیمرا سیٹ اپ بھی ڈیوائسز کا حصہ ہوگا جبکہ اے 15 پراسیسر اور پہلے سے کچھ بڑی بیٹری بھی ان فونز میں موجود ہوگی۔

ایسی افواہیں بھی ہیں کہ اس بار آئی فونز میں سیٹلائیٹ کال سپورٹ کا فیچر ہوسکتا ہے مگر ممکنہ طور یر یہ مخصوص علاقوں میں ایمرجنسی استعمال تک محدود ہوگا۔

سابقہ لیکس کے مطابق 2021 میں بھی 4 نئے آئی فونز متعارف ہوں گے جن میں 5.4 انچ کا آئی فون 13 منی، 6.1 انچ کا آئی فون 13، 6.1 انچ کا آئی فون 1 پرو اور 6.7 انچ کا آئی فون 13 پرو میکس شامل ہوں گے۔

آئی فونز کے ساتھ اس ایونٹ میں ایپل واچ سیریز 7 کو بھی پیش کیا جائے گا جبکہ آئی پیڈز اپ ڈیٹس بشمول آئی پیڈ منی ری ڈیزائن کو بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

Read Comments