Dawn News Television

شائع 14 ستمبر 2021 03:21pm

منال خان کا عروسی جوڑا 55 کاریگروں نے تیار کیا

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی اداکارہ منال خان کا عروسی جوڑا تیار کرنے والے فیشن ہاؤس نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ کا جوڑا 55 کاریگروں نے تیار کیا۔

منال خان اور احسن محسن اکرام 10 ستمبر کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور 13 ستمبر کو دونوں کے ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی۔

شادی کے موقع پر منال خان نے سرخ رنگ کا روایتی عروسی جوڑا پہنا تھا، جسے ’انس ابرار‘ فیشن ہاؤس نے تیار کیا تھا۔

منال خان کا عروسی جوڑا تیار کرنے والے فیشن ہاؤس نے اداکارہ کی شادی ہوجانے کے بعد ان کا لباس تیار کرنے کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ عروسی جوڑا کتنی محنت کے بعد تیار ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: منال خان اور احسن محسن رشتہ ازدواج میں منسلک

انس ابرار کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کی گئی ویڈیو میں متعدد کاریگروں کو منال خان کا عروسی جوڑا تیار کرتے ہوئے دکھایا گیا اور ساتھ ہی لوگوں سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اندازا لگا سکتے ہیں کہ خوبصورت لباس کو کتنے کاریگروں نے تیار کیا؟

ساتھ ہی فیشن ہاؤس کی جانب سے ویڈیو میں بتایا گیا کہ منال خان کے عروسی لباس کو 55 سے زیادہ کاریگروں نے تیار کیا۔

فیشن برانڈ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں مرد و خواتین سمیت ہر عمر کے کاریگروں کو منال خان کا لباس تیار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فیشن ہاؤس کی جانب سے منال خان کے لباس سے متعلق انکشاف کیے جانے کے بعد کئی لوگوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا کہ ایک دن کے لیے پہنے گئے جوڑے پر اتنا وقت اور رقم خرچ کی گئی۔

مزید پڑھیں: منال خان اور احسن محسن کی تقریبِ ولیمہ کی تصاویر وائرل

اگرچہ انس ابرار نے بتایا کہ منال خان کا جوڑا 55 سے زائد کاریگروں نے تیار کیا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ عروسی لباس تیار کرنے میں کتنا وقت لگا اور اس کی قیمت کیا تھی؟

تاہم چہ مگوئیاں ہیں کہ منال خان کے عروسی جوڑے کی قیمت لاکھوں روپے میں ہوگی اور اسے تیار کرنے میں 2 سے 3 ہفتے لگے ہوں گے، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

منال خان اور احسن محسن اکرام گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات تھے میں تھے اور رواں برس 11 جون کو منگنی کی تھی۔

Read Comments