Dawn News Television

شائع 19 ستمبر 2021 08:16pm

آنر نے خاموشی سے ایک مڈرینج فون پلے 20 پرو متعارف کرا دیا

ہواوے سے علیحدگی کے بعد سے آنر کے فونز میں گوگل سروسز کی واپسی ہوگئی ہے اور حالیہ مہینوں میں کئی نئے اسمارٹ فونز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

اب آنر کی جانب سے ایک مڈ رینج اسمارٹ فون پلے 20 پرو متعارف کرایا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے پلے 20 کو متعارف کرایا جاچکا ہے اور اب اس کا پرو ماڈل پیش کیا گیا ہے۔

اس فون میں 6.53 انچ کا فل ایچ ڈی پلس او ایل ای ڈی ڈسلے دیا گیا ہے اور واٹر ڈراپ نوچ میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا چھپا ہوا ہے

پلے 20 پرو میں میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 80 پراسیسر موجود ہے جبکہ فنگر پرنٹ سنسر بھی اسکرین کے اندر نصب ہے۔

فون کے اندر میں 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

پلے 20 پرو میں 3800 ایم اے ایچ بیٹری 22.5 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ 65 منٹ میں صفر سے 100 فیصد بیٹری چارج ہوجاتی ہے۔

فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔

فون کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو سنسر اور 2 میگا پکسل ڈیپٹھ کیمرے موجود ہیں۔

اس فون کو سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے مگر امکان ہے کہ جلد اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

فون کی قیمت 1699 یوآن (44 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

Read Comments