Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2021 06:12pm

کورلش عثمان کا تیسرا سیزن جلد شروع ہوگا

ترکی کا مشہور ڈراما سیریل کورلش عثمان جس کے دونوں سیزن پاکستان میں مقبول ہوئے اب اس کے تیسرے سیزن کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔

اس سیزن میں عثمان کے روپ میں اداکار براق اوزچیویت ایک مرتبہ پھر اس کردار کو ادا کرنے کے لیے واپس لوٹ رہے ہیں۔

کورلش عثمان کا دوسرا سیزن ختم ہونے کے بعد ڈرامے کے ناظرین کو بے صبری سے اس کے تیسرے سیزن کا انتظار تھا۔

مزید پڑھیں: کورلش عثمان میں 'بامسی' کی موت پر پاکستانی مداحوں کا دکھ کا اظہار

اب کورلش عثمان کے سیزن 3 کا ٹریلر انسٹاگرام اور یوٹیوب پر جاری کردیا گیا ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق سیزن 3 جلد اے ٹی وی ترکی سے نشر ہوگا لیکن اب تک ڈرامے کے نشر کیے جانے کے حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ڈرامے کے ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ 'ارطغرل غازی' کے کردار 'ترگت بے‘ اس سیزن میں واپسی آئیں گے۔

خیال رہے کہ ارطغرل کے کرداروں میں سے صرف بامسی اور عبدالرحمٰن کورلش عثمان کے سیزن 1 میں نظر آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورلش عثمان واپسی کے لیے تیار

سیزن 2 میں ارطغرل کے کردار کی بھی واپسی ہوئی تھی، ڈرامے کی 39ویں قسط میں ارطغرل غازی جبکہ 60ویں قسط میں بامسی بے کی موت نے مداحوں کو بہت افسردہ کردیا تھا۔

خیال رہے کہ کورلش عثمان کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہی۔

ڈرامے کے پروڈیوسر محمت بوزداغ نے کہا تھا کہ کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہے گا اور یقیناً اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔

Read Comments