Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2021 04:40pm

آسٹریلیا، افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ میچ ملتوی کردے گا، عہدیدار

میلبورن: آسٹریلیا رواں ہفتے افغانستان کے خلاف اپنا ٹیسٹ میچ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دے گا تاکہ ایشیائی قوم کو خواتین کے کھیل کے بارے میں اپنے نقطہ نظر پر دوبارہ غور کرنے کا موقع دیا جاسکے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ تسمانیہ کے مالک ڈومینک بیکر نے بتایا ہے کہ افغان مینز ٹیم کے خلاف میچ 27 نومبر کو ہوبارٹ میں شیڈول تھا۔

انہوں نے مقامی ریڈیو اسٹیشن ٹرپل ایم کو بتایا کہ 'یہ باضابطہ طور پر رواں ہفتے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا جس کے بارے میں آئندہ چند روز میں اعلان کردیا جائے گا'۔

مزید پڑھیں: افغان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی اجازت مل گئی

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ افغان حکومت کو چند ہدایات دینے کے بارے میں ہے کہ انہیں کھیلوں میں واپس آنے کے لیے کیا کرنا ہوگا'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ قابل قبول نہیں ہے کہ وہ خواتین کو کھیلوں کی اجازت نہیں دے رہے، اگر وہ مسابقتی مردانہ کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، خاص طور پر کرکٹ کے دائرے میں تو انہیں خواتین کے کھیلوں کے بارے میں کیا کرنا ہے اس پر دوبارہ غور کرنا ہوگا'۔

گورننگ باڈی کرکٹ آسٹریلیا نے رواں ماہ کہا تھا کہ وہ اس ٹیسٹ کو ختم کردیں گے اگر میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیائی ملک کے طالبان حکمران خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا کہ فکسچر پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان نے تاریخ رقم کردی، بنگلہ دیش کو ٹیسٹ میچ میں شکست

ڈومینیک بیکر نے کہا کہ میچ بعد میں شیڈول کیا جا سکتا ہے، 'ہم اسے مکمل طور پر منسوخ نہیں کریں گے'۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین عزیز اللہ فضلی نے رواں ماہ رائٹرز کو بتایا تھا کہ وہ ملک میں خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں اور پرامید ہیں کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ منعقد ہوگا۔

اس کھیل کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نومبر میں اپنے اگلے بورڈ اجلاس میں افغانستان میں ویمن کرکٹ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Read Comments