Dawn News Television

شائع 18 اکتوبر 2021 10:05pm

وہ بہترین مشروب جو اچھی نیند کو یقینی بنائے

اگر رات کو بستر پر لیٹنے کے بعد نیند نہیں آتی تو ایک عام مشروب کو پینا عادت بنانا اس مسئلے کا حل ہوسکتا ہے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق کے مطابق رات کو سونے سے قبل ایک گلاس گرم دودھ پینا اچھی نیند کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ عرصے سے مختلف ممالک میں یہ بات والدین بچوں کو بتاتے آرہے ہیں سونے سے قبل گرم دودھ پینا اچھی نیند کا باعث بنتا ہے اور اب طبی سائنس نے بھی اسے ثابت کیا ہے۔

نیند کے مسائل کے لیے خواب آور ادویات کا استعمال ہوتا ہے مگر اس کے مضر اثرات بشمول یادداشت کی کمزوری، الجھن اور مسل کی کمزوری بھی ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ قدرتی متبادل تلاش کرنے کے لیے چین کے نیشنل نیچرل سائنس فاؤنڈیشن کے ماہرین نے جانچ پڑتال کی۔

انہوں نے دریافت کیا کہ دودھ پیپ ٹانڈ کا قدرتی ذریعہ ہے جو بالکل اسی طرح غنودگی کو بڑھاتا ہے جس طرح خواب آور ادویات۔

گائے کے دودھ میں ایک امینو ایسڈ ٹرپٹو فان اور دیگر پیپ ٹائڈز موجود ہوتے ہیں جو تناؤ کو کم کرنے کے ساتھ نیند کو یقینی بناتا ہے۔

ان اجزا کے ساتھ ایک انزائمے ٹرائیپسین کے امتزاج سے نیند بڑھانے والے پیپ ٹائڈز بڑھتے ہیں۔

محققین نے ایسے مخصوص پیپ ٹائڈ کو بھی شناخت کیا جو اچھی نیند کے حصول میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے اس مکسچر سے خارج ہونے والے حیاتیاتی خصوصیات کو بھی شناخت کیا جو دودھ کو ہضم ہونے کے دوران خارج کرتے ہیں۔

چوہوں پر آزمائش کے دوران محققین نے دریافت کیا کہ گرم دودھ کو پینے سے وہ 25 فیصد زیادہ جلد سو جاتے ہیں جبکہ ان کی نیند کا دورانیہ بھی 400 فیصد زیادہ بہتر ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جریدے جرنل آف ایگریکلچرل اینڈ فوڈ کیمسٹری میں شائع ہوئے۔

Read Comments