Dawn News Television

شائع 24 اکتوبر 2021 08:44pm

پاکستان اور ترکی کی صلاح الدین ایوبی پر مشترکہ سیریل کی تیاریاں شروع

پاکستان اور ترکی کی مشترکہ پروڈکشن میں صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والے ڈرامے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔

دونوں ممالک کی پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان ڈرامے کی تیاری کے لیے معاہدہ 20 اگست کو سربیا میں طے پایا تھا اور اب وہ پری پروڈکشن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

ایگزیکٹو پروڈیوسر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاکستان سے انصاری شاہ فلمز اور ترکی سے اکلی فلمز صلاح الدین ایوبی پر سیریل بنائیں گے، جس کو 16 اسکرپٹ رائٹر تحریر کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کے لیے اداکاروں کے آڈیشن پاکستان میں شروع ہوگئی مگر ابھی ترکی میں کاسٹنگ شروع نہیں ہوئی، 3 دن آڈیشن ہوئے جبکہ فائنل آڈیشن ترک ہدایت کار کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ ڈرامے میں 25 فیصد کاسٹ پاکستان سے ہو اور پاکستان سے بڑے نام اس کا حصہ بنیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صلاح الدین ایوبی کی سیریل 3 سیزن پر مشتمل ہے اور ڈرامے کے ذریعے اسلام سے متعلق غلط فہمیاں دور کریں گے۔

ڈاکٹر جنید علی شاہ نے بتایا کہ ترکی میں 240 ایکڑ پر مشتمل جگہ ہے جہاں ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے شہر آباد ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آڈیشن میں جو منتخب ہوں گے وہی سیریل کا حصہ بنیں گے، 30 سے 40 بڑے ناموں نے آڈیشن دیئے جن میں سے 10 نام شارٹ لسٹ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیریز بنانے کے لیے انصاری شاہ فلمز اور دیگر سرمایہ کاری کریں گے، یہ ترکی زبان میں ہوگا اور پاکستانی اداکار ڈبننگ کریں گے۔

اس سے قبل پروڈکشن ٹیم سے فلم ساز شہزاد نواز اور ترک پروڈیوسر ایمرے کونک نے رواں ہفتے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ 'صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بننے والی سریز نوجوانوں کو تاریخ میں ان کے کردار کے حوالے سے آگاہ کرے گی'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ معمول سے ہٹ کر تاریخی نظریات پر مبنی ڈرامے اور فلمیں بنانے کا بہترین وقت ہے'۔

مستقبل قریب میں صلاح الدین ایوبی پر بننے والی پاکستان-ترکی مشترکہ سیریز کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 'مغرب کی جانب سے بھی انہیں عظیم شخصیت کا لقب دیا گیا ہے'۔

Read Comments