پاکستان اور ترکی کا سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈراما بنانے کا اعلان

اپ ڈیٹ 22 اگست 2021
دونوں ممالک کے اداکاروں پر مشتمل اس سیریز کی شوٹنگ ترکی میں ہوگی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں ممالک کے اداکاروں پر مشتمل اس سیریز کی شوٹنگ ترکی میں ہوگی—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان اور ترکی کی ڈراما و فلم ساز پروڈکشن کمپنیز نے سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ٹی وی سیریز بنانے کا اعلان کردیا۔

دونوں ممالک کی پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان یہ معاہدہ 20 اگست کو سربیا میں طے پایا اور معاہدے کے وقت پاکستانی اداکار عدنان صدیقی بھی موجود تھے۔

پاکستانی اور ترک پروڈکشنز کے درمیان معاہدہ طے پانے کا اعلان اداکار عدنان صدیقی کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی پوسٹس کے ذریعے کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاک و ترک فلم پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان مشترکہ کام کرنے کا معاہدہ

عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ 'ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہم نے اس دوستی کے ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے ہمیں اُمید ہے کہ یہ خیالات اور صلاحیتوں کے تبادلے کا باعث بنے گا'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'یہ پروجیکٹ ہماری انڈسٹریز اور ہمارے ناظرین کی کامیابی ہے جو مستقبل میں اچھے مواد کے منتظر ہوں گے'۔

عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ 'ہم نے ایک عظیم جنگجو بادشاہ، صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ایک شاندار سیریز بنانے کے لیے اشتراک قائم کیا ہے، برائے مہربانی ہماری خوشی میں شریک ہوں'۔

دوسری جانب پروڈیوسر کاشف انصاری کی جانب سے بھی ایک پوسٹ کے ذریعے مذکورہ معاہدے کے وقت لی گئی تصاویر کے ساتھ شیئر کی گی۔

کاشف انصاری کی جانب سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں معاہدہ طے پانے سے متعلق بتایا گیا ہے۔

ویڈیو میں عدنان صدیقی نے بتایا کہ ڈراما سیریز سے متعلق معاہدہ سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں طے پایا.

انہوں نے معاہدے کے لیے ترکی میں موجود نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ترکی جانے کے لیے 14 روز کا قرنطینہ کرنا پڑتا ہے جبکہ ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر جنید علی شاہ جاسکتے تھے میرا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے سربیا آنا پڑا۔

عدنان صدیقی نے مزید بتایا کہ 'ہمایوں سعید کچھ مصروفیات کی بنا پر میرے ساتھ نہیں آسکے ورنہ وہ بھی یہاں موجود ہوتے'۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان و ترکی کا مشترکہ طور پر 'ترک لالا' ڈراما بنانے کا امکان

ویڈیو میں انہوں نے ایکلی فلمز کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) اور پروڈیوسر ایمرے کونوک اور ترک اسکرپٹ رائٹر و ڈائریکٹر اہمت فاروق بیگ کا تعارف بھی پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 'ہم یہاں ایک سیریز کے حوالے سے معاہدے کے لیے موجود ہیں جس سے متعلق کاشف انصاری اور ایمرے کونوک بتائیں گے'۔

سیریز کے حوالے سے بتاتے ہوئے پروڈیوسر کاشف انصاری نے کہا کہ 'یہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہے'۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے سیاسی منظر نامے میں پچھلے 6 سے 8 ماہ میں جو تبدیلیاں آئی ہیں ان تبدیلیوں کی بنیاد پر لکھنے والے اور سمجھنے والے پاکستان اور ترکی کے جو اسکالرز، تھنک ٹینکز اور سیاستدان ہیں، نے مل بیٹھ کر کچھ چیزیں سوچی ہیں کہ اس پورے منظر نامے اور آنے والی صدیوں میں مسلمانوں کا کیا کردار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں طے ہوا کہ سلطان صلاح الدین ایوبی، جو کسی تعارف کے محتاج نہیں ان کی زندگی پر ایک ڈراما سیریز بنائی جائے گی، جو پاکستان اور ترکی کی مشترکہ ڈراما سیریز ہوگی۔

پروڈیوسر کاشف انصاری نے بتایا کہ دونوں ممالک کے اداکار اور اسکرپٹ رائٹرز اس ڈراما سیریز کا حصہ ہوں گے۔

علاوہ ازیں انادولو ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز کی جانب سے پروجیکٹ کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے ترکی کی ایکلی فلمز کے سی ای او و پروڈیوسر ایمرے کونوک نے مشترکہ طور پر ڈراما بنانے سے متعلق معاہدہ طے پا جانے کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: ریما خان بھی ’ترک لالا‘ کا حصہ ہوں گی؟

ایمرے کونوک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترک، انگریزی اور اردو زبان میں کی گئی ٹوئٹس کے ذریعے مذکورہ اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جمعے کی مبارک رات کی یہ خوشخبری دینا چاپتا ہوں کہ 'سلطان صلاح الدین ایوبی' کی زندگی سے متعلق ڈرامے کے لیے ترکی اے کے ایل آئی فلمز اور پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز کے درمیان معاہدہ طے پایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ اس بین الاقوامی منصوبے کو دنیا بھر کے لیے امن اور محبت بقائے باہمی کی امید بنائے'۔

ایمرے کونوک نے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کے حوالے سے بہت خوش ہیں، اگرچہ وہ سلطان صلاح الدین ایوبی کی عظیم شخصیت کی تصویر کشی میں پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ ہیں جنہوں نے تاریخ اور پوری دنیا پر اپنے نشان چھوڑے۔

ترکی اور پاکستان کے اداکاروں پر مشتمل اس سیریز کی شوٹنگ ترکی میں ہوگی اور اس ڈرامے کے 3 سیزن بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

سلطان صلاح الدین ایوبی، ایوبی سلطنت کے بانی تھے اور انہوں نے صلیبیوں کو شکست دے کر 1187 میں 9 دہائیوں بعد بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔

ان کی ایوبی سلطنت نے مصر، شام، یمن، عراق، حجاز اور دیار باکر پر حکومت کی وہ اپنی بہادری، فیاضی، حسن اخلاق، سخاوت اور بردباری کے باعث جانے جاتے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ترک پروڈکشن ہاؤس ’تکدن فلمز‘ اور پاکستانی فلم ہاؤس ’انصاری فلمز‘ نے نومبر 2020 میں مشترکہ پروڈکشن کے تحت ڈراما بنانے سے متعلق معاہدہ کیا تھا۔

بعد ازاں ’تکدن فلمز‘ کے سربراہ کمال تکدن جنوری 2021 میں وفد کے ہمراہ اسی سلسلے میں پاکستان بھی آئے تھے اور انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور صدر پاکستان سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

علاوہ ازیں اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے تصدیق کی تھی کہ ’تکدن فلمز‘ اور ’انصاری فلمز‘ کے درمیان مشترکہ طور پر ’ترک لالا‘ نامی ڈراما بنانے سے متعلق معاہدہ ہوا ہے، جس کا پہلا سیزن 2023 تک ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں