Dawn News Television

شائع 07 دسمبر 2021 11:34am

کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی فی یونٹ 3 روپے 75 پیسے مہنگی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے شہریوں کے لیے ایک ماہ کیلئے بجلی 3 روپے 75 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔

اس فیصلے سے کراچی کے شہری دسمبر کے بجلی کے بلوں میں 7 ارب روپے اضافی ادا کریں گے۔

نیپرا نے ستمبر 2021 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق اضافہ ستمبر 2021 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جو دسمبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

اضافے کا اطلاق ’کے الیکٹرک‘ کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کے-الیکٹرک کو 1.08 روپے فی یونٹ ایندھن کی اضافی لاگت وصول کرنے کی اجازت

کے الیکٹرک نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔

تاہم نیپرا نے ’کے الیکٹرک’ کی درخواست کے مقابلے میں بجلی کی قیمت میں 30 پیسے فی یونٹ زیادہ کا اضافہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نیپرا نے کے الیکٹرک کو اکتوبر میں استعمال شدہ بجلی پر 1.08 روپے فی یونٹ ایندھن کی اضافی لاگت وصول کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

اس اضافے سے کے الیکٹرک صارفین پر 2 ارب 46 کروڑ روپے کا بوجھ پڑنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

Read Comments