Dawn News Television

شائع 28 دسمبر 2021 09:06pm

فاسٹ باؤلر دھانی کی ناک کی کامیاب سرجری کردی گئی

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی کی ناک کی کامیاب سرجری کردی گئی۔

شاہنواز دھانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میری ناک کی کامیاب سرجری ہوئی ہے کیونکہ مجھے ایک عرصے سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

مزید پڑھیں: قومی ٹیم کے لیے سندھی بولنے والا پہلا کھلاڑی کون تھا؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی طبی ٹیم سے مشاورت اور اہلخانہ کے مشورے کے بعد سرجری کرائی اور اب میں بہتر محسوس کررہا ہوں۔

ذرائع کے بعد بچپن سے دھانی کی ناک میں کنکر پھنسا ہوا تھا تاہم اب اسے نکال دیا گیا ہے اور امید ہے کہ وہ جلد ٹریننگ شروع کردیں گے۔

دھانی کو گزشتہ روز آپریشن کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا اور آئندہ ہفتے ان کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ شاہنواز دھانی رواں سال پاکستان سپر لیگ کے دوران اپنی عمدہ باؤلنگ سے منظر عام پر آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: دھانی کی عمدہ باؤلنگ، سلطانز نے زلمی کو شکست دے دی

انہوں نے لیگ میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں اور اسی عمدہ کارکردگی کی بدولت انہوں نے رواں سال بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 ڈیبیو کیا تھا۔

Read Comments