Dawn News Television

شائع 05 جنوری 2022 04:27pm

سونی نے دنیا کا پہلا کوانٹم ڈوٹ او ایل ای ڈی ٹی وی متعارف کرادیا

سونی نے اپنا بلکہ دنیا کا پہلا کوانٹم ڈوٹ او ایل ای ڈی ٹی وی متعارف کرا دیا ہے۔

لاس ویگاس میں سی ای ایس نمائش کے دوران سونی نے اس منفرد ٹی وی براویا ایکس آر اے 95 کے کو پیش کیا جس میں کیو ڈی او ایل ای ڈی (کوانٹم ڈوٹ آرگنگ لائٹ ایمیٹنگ ڈائیوڈ) پینل کو کسی اور نہیں بلکہ سونی کی مخالف سام سنگ نے ہی تیار کیا ہے۔

یہ ٹی وی 55 اور 65 انچ کے ڈسپلے کے حجم میں دستیاب ہوگا اور دونوں میں 4K ریزولوشن دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے افواہیں تھیں کہ سام سنگ کی جانب سے دنیا کا پہلا کوانٹم ڈوٹ او ایل ای ڈی ٹی وی سی ای ایس میں پیش کیا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔

سام سنگ ڈسپلے کیو ڈی او ایل ای ڈی کو کئی برسوں سے تیار کررہی ہے اور یہ ٹیکنالوجی روایتی او ایل ای ڈی اور مائیکرو ایل ای ڈی ڈسپلے کے درمیان کی ہوگی جو فی الحال سام سنگ ہی فروخت کررہی ہے۔

کیو ڈی او ایل ای ڈی میں او ایل ای ڈی کے بہترین فیچرز تو موجود ہی ہیں جس کے ساتھ کوانٹم ڈوٹ کے فیچرز بھی ہیں یعنی بہتر برائٹنس اور زیادہ اچھے رنگ وغٰرہ۔

سونی کی جانب سے 2 مختلف اقسام کے او ایل ای ڈی ٹی ویز بھی پیش کیے گئے۔

ان میں سے ایک اے 95 ہے جسکے ساتھ ایک منفرد اسٹینڈ دیا گیا ہے جس میں ٹی وی کی پوزیشن کو اپنی مرضی کے مطابق بدلا جاسکتا ہے۔

اس میں 4 ایچ ڈی ایم آئی ان پٹس موجود ہیں۔

دوسرا اے 90 کے ٹی وی ہے جس کے اسٹینڈ میں ایک ساؤنڈ بار موجود ہے۔

سونی کے نئے ٹی ویز میں 4K گیمنگ سپورٹ 120 ہرٹز ریفریش ریٹ، آٹو ایچ ڈی آر ٹون میپنگ اور آٹو لو لیٹنسی موڈ جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

سونی کی جانب سے ان کی دستیابی کی تاریخ اور قیمتوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔

Read Comments