Dawn News Television

شائع 06 جنوری 2022 05:33pm

گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والی منفرد کانسیپٹ گاڑی

گاڑیاں تو آپ نے بہت دیکھی ہوں گی مگر ایسی نہیں جیسی بی ایم ڈبلیو نے تیار کی ہے جو کسی گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

جی ہاں لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے موقع پر بی ایم ڈبلیو نے آئی ایکس فلو نامی اس کانسیپٹ گاڑی کو پیش کیا۔

اس گاڑی کے لیے ای انک میں موجود الیکٹروفوریٹک ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اس گاڑی رنگ لگ بھگ فوری طور پر بدل جاتا ہے، تو یہ ہوتا کیسے ہے؟

آئی ایکس فلو میں ایک اسپیشل wrap موجود ہے جو برقی تحرک کے ذریعے گاڑی کی سطح کے رنگوں کو بدلنے میں مددگار ہے۔

گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کی یہ صلاحیت بھی صارف کی مرضی کے مطابق کام کرتی ہے چاہے تو پوری گاڑی کا رنگ دل دیں، ورنہ اطراف میں بدلا جاسکتا ہے، پٹییوں کی شکل یا جیسا دل کرے۔

یہ ٹیکنالوجی صارف کو ان کی مرضی کے مطابق گاڑی کی رنگت بدلنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

آئی ایکس فلو پراجیکٹ کی منیجر اسٹیلا کلارک نے بتایا کہ یہ گاڑی روزمرہ کی زندگی کے حالات اور مختلف موڈز کا اظہار کرسکے گی۔

فی الحال یہ گاڑی بلیک، وائٹ اور گرے رنگ بدل سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ گرم دن میں وائٹ گاڑیاں بلیک کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈی رہتی ہیں جبکہ سرد دن میں گہرا رنگ گاڑیوں کو سورج کی زیادہ روشنی جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اس سے سرد یا گرم دن میں کولنگ یا ہیٹنگ کی شرح میں کمی لانے میں مدد ملے گی اور گاڑی کی افادیت میں کچھ بہتری آئے گی۔

مگر کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ مستقبل قریب میں اس گاڑی کو عام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔

Read Comments