سونی بھی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کے لیے سنجیدہ

05 جنوری 2022
کمپنی کی دونوں کانسیپٹ گاڑیاں
کمپنی کی دونوں کانسیپٹ گاڑیاں

موبائل فونز اور دیگر الیکٹرونک مصنوعات کے حوالے سے مشہور کمپنی سونی نے 2020 میں پہلی بار ایک کانسیپٹ الیکٹرک گاڑی کو پیش کیا تھا۔

جنوری 2020 میں سی ای ایس کے موقع پر سونی نے اس گاڑی کو متعدد کمپنیوں کے اشتراک کے ساتھ تیار کرکے پیش کیا تھا جسے ویژن ایس سیڈان کا نام دیا گیا تھا۔

مگر اس موقع پر یہ واضح نہیں تھا کہ سونی گاڑیوں کے شعبے میں قدم رکھنے کے لیے سنجیدہ ہے یا نہیں۔

اب 2 سال بعد ایک بار پھر سی ایس ایس نمائش کے موقع پر سونی نے ایک اور کانسیپٹ الیکٹرک گاڑی ویژن ایس سیڈان کے ساتھ ایک ایس یو وی کانسیپٹ گاڑی ویژن ایس 02 کو پیش کیا۔

اس موقع پر کمپنی نے بتایا کہ وہ گاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔

اس نئی گاڑی کی تیاری کے لیے ویژن ایس سیڈان کے تجربے کو مدنظر رکھا گیا تھا اور اس کی آزمائش 2021 میں شروع ہوئی تھی۔

اس مقصد کے لیے سونی نے آئندہ چند ماہ کے دوران ایک نئی کمپنی سونی موبیلٹی انکارپوریشن کو تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے وہ الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں قدم رکھے گی۔

فوٹو بشکریہ سونی
فوٹو بشکریہ سونی

کانسیپٹ گاڑی کو پیش کرتے ہوئے سونی کے چیئرمین، صدر اور سی ای او کینیشیرو یوشیدا نے دونوں گاڑیوں کو پیش کیا۔

اس نئی ایس یو وی میں کافی کچھ ویژن ایس سیڈان جیسا ہی ہے مگر اس کی ساخت زیادہ کامپیکٹ ہے جبکہ یہ زیادہ بڑی بھی ہے جس کے 2 ورژن ہیں ایک 4 جبکہ دوسرا 7 مسافروں کے لیے ہے۔

سونی کے مطابق اس گاڑی میں 2 الیکٹرک موٹرز موجود ہیں اور ہر موٹر 268 ہارس پاور کی طاقت فراہم کرتی ہے۔

دونوں گاڑیوں کے اندر ایک ایک بڑا ڈسپلے ہے جو 3 اسکرینوں پر مبنی ہے اور پورے ڈیش بورڈ پر پھیلا ہوا ہے۔

اس کے علاوہ بیک پر 2 ملٹی میڈیا ڈسپلے دیئے گئے ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ سونی کی جانب سے ان گاڑیوں کو کب تک صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے اور اس بارے مین تفصیلات نئی کمپنی کے قیام کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں