Dawn News Television

شائع 18 جنوری 2022 12:12am

حکومت سندھ کے زیر اہتمام تھر ڈیزرٹ چیلنج ریس کا انعقاد

حکومت سندھ اور اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تھر میں جیپ ریس تھر ڈیزرٹ چیلنج کا انعقاد کیا جس میں نادر مگسی نے میدان مار لیا۔

حکومت سندھ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے محکمہ کھیل اور نوجوانوں کے امور کے زیر اہتمام تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول اور تھر ڈیزرٹ چیلینج 2022 جیپ ریس مٹھی میں منعقد کیا گیا اور فائنل کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے۔

ریس کی اختتامی تقریب میں کل 35 پروفیشنل گاڑیوں نے حصہ لیا اور مٹھی سے 8 کلومیٹر کی مسافت پر کھاریو نرا میں نادر مگسی کی گاڑی سے ریس کا آغاز کروایا گیا۔

تین روزہ ڈیزرٹ چیلینج جیپ ریلی مقابلہ میں اے کیٹیگری میں پہلی پوزیشن میر نادر مگسی نے حاصل کی جنہوں 120 کلو میٹر کی ریس میں 1 گھنٹہ 7 منٹ میں مسافت طے کی۔

دوسری پوزیشن شہزادہ سلطان نے 1 گھنٹہ 13 منٹ میں فاصلہ طے کر کے حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن چوہدری خرم نے 1 گھنٹہ 22 منٹ میں طے کر کے حاصل کی۔

بی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن نعمان سارنجام نے حاصل کی جنہوں نے 1 گھنٹہ 14 منٹ میں فاصلہ طے کیا جبکہ پوزیشن حاصل کرنے والے محمد بلال عاشق نے 1 گھنٹہ 17 منٹ میں فاصلہ طے کیا۔

تیسری پوزیشن گوھر اسلم سانگی نے حاصل کی جنہوں نے مقررہ مسافت 1 گھنٹہ 22 منٹ میں طے کی۔

سی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن رفیق بھرچونڈی نے حاصل کی اور 1 گھنٹہ 24 منٹ میں فاصلہ طے کیا جبکہ دوسری پوزیشن محمد علی شاہ اور تیسری پوزیشن منیم جھنڈیر نے حاصل کی۔

ڈی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن ظفر خان بلوچ نے 1 گھنٹہ 23 منٹ میں فاصلہ طے کر کے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن مزاری گروپ اور تیسری پوزیشن عمر اقبال کانجو نے حاصل کی۔

خواتین ڈرائیورز میں پہلی پوزیشن تنشہ پٹیل نے حاصل کی جنہوں نے مقررہ فاصلہ 1 گھنٹہ 24 منٹ میں طے کیا جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ماہم شیراز نے 1 گھنٹہ 26 منٹ میں مسافت طے کی۔

دریں اثناء ڈیزرٹ چیلینج جیپ ریلی میں سندھ کی ثقافت کے رنگ بھی نمایاں رہے اور اونٹ و گھڑ دوڑ سمیت ملاکھڑے کے کھیلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔

صوبہ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھر امن کا گہوارا ہے اور یہاں کی مہمان نوازی دنیا میں معروف ہے، ریس میں کامیابی حاصل کرنے والے ریسرز کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر سال تھر اور دیگر اضلاع میں اس قسم کے فیسٹیول کروائیں گے، تھر اب پاکستان کو بدلے گا اور اگلی سردیوں میں ہم تین سے چار ایونٹس منعقد کریں گے۔

Read Comments