Dawn News Television

شائع 20 جنوری 2022 06:10pm

شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کروادی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت درج کروادی۔

شرمیلا فاروقی نے 19 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ وہ میزبان نادیہ خان کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کروائیں گی۔

شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان اس وقت کیا تھا جب کہ ٹی وی میزبان کی ویڈیو رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کے ہمراہ وائرل ہوئی تھی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ سے میک اپ، لباس اور زیورات سے متعلق سوال کیے گئے مگر میزبان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید بھی کی گئی۔

نادیہ خان نے کچھ دن قبل شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریب میں ایک ویڈیو بنائی تھی جو دو دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

اب شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے خلاف باضابطہ طور پر شکایت درج کرواتے ہوئے اس کی تصدیق کے لیے ایف آئی اے عہدیدار کے ہمراہ تصویر بھی شیئر کی۔

شرمیلا فاروقی نے 20 جنوری کی شام کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ میں نادیہ خان کےخلاف باضابطہ طور پر شکایت درج کروادی۔

انہوں نے ٹوئٹر پر ایف آئی اے سائبر کرائم کے سربراہ ریاض عمران کے ہمراہ ان کے دفتر میں کھچوائی گئی تصویر بھی شیئر کی۔

شرمیلا فاروقی نے انسٹاگرام اسٹوری میں بھی مذکورہ بات بتائی۔

ان کی جانب سے ایف آئی اے میں باضابطہ شکایت درج کروائے جانے سے قبل ہی انہوں نے بتایا تھا کہ وہ 20 جنوری کی سہ پہر نادیہ خان کے خلاف شکایت درج کروائیں گی۔

شرمیلا فاروقی کی جانب سے قانونی کارروائی کے اعلان کے بعد نادیہ خان نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کے ہمراہ بنائی گئی ویڈیو ڈیلیٹ کردی اور وہ اب مذکورہ معاملے پر مزید بات نہیں کرنا چاہتیں۔

نادیہ خان نے یہ بھی کہا تھا کہ اب بھی اگر شرمیلا فاروقی کو سائبر کرائم جانا ہے تو وہ اپنا شوق پورا کرلیں اور یہ کہ وہ ان کے بیانات پر بات کرکے معاملے کو بڑھانا نہیں چاہتیں۔

Read Comments