شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کے خلاف کارروائی کا اعلان

19 جنوری 2022
عدالت جانا پڑا تو بھی پیچھے نہیں ہٹوں گی، شرمیلا فاروقی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
عدالت جانا پڑا تو بھی پیچھے نہیں ہٹوں گی، شرمیلا فاروقی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ نامناسب انداز میں ویڈیو بنانے کے معاملے پر اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔

نادیہ خان کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی کی والدہ کے ساتھ چند دن قبل اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی شادی کے دوران ویڈیو بنائی گئی تھی، جو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جہاں دیگر لوگوں نے نادیہ خان پر تنقید کی، وہیں شرمیلا فاروقی نے بھی ان کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا۔

شرمیلا فاروقی نے ’دی کرنٹ‘ سے بات کرتے ہوئے نادیہ خان کے رویے کو سستی شہرت کا طریقہ قرار دیتے ہوئے ان کے لیے سخت الفاظ بھی استعمال کیے۔

شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ نادیہ خان کو ایک عمر رسیدہ خاتون کے ہمراہ نامناسب انداز میں ویڈیو بنانے سے قبل کچھ شرم کرنا چاہیے تھا، انہیں سستی شہرت کے لیے ایسا رویہ نہیں اختیار کرنا چاہیے تھا۔

رکن سندھ اسمبلی نے بتایا کہ انہوں نے والدہ کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نادیہ خان کو مسییج بھی کیا، جس پر میزبان نے انہیں بتایا کہ انہوں نے کوئی غلط ویڈیو نہیں بنائی اور نہ ہی انہوں نے کوئی نامناسب سوال پوچھا ہے، اس لیے ان کے خلاف واویلا بند کیا جائے۔

عام لوگوں نے نادیہ خان کے رویے کو تمسخر اڑنے والا رویہ قرار دیا—اسکرین شاٹ
عام لوگوں نے نادیہ خان کے رویے کو تمسخر اڑنے والا رویہ قرار دیا—اسکرین شاٹ

شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میزبان ان کی والدہ کے بجائے کسی اور خاتون کے ساتھ بھی ایسی ویڈیو بناتیں تو بھی ان کے خلاف ایکشن لیتیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ شوبز کے لوگوں کی بہت عزت قدر کرتی ہیں، فنکار برادری سخت محنت طلب کام کرتے ہیں مگر نادیہ خان کا رویہ ناقابل برداشت تھا، کیوں کہ ان کی والدہ اس وقت مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔

لوگوں نے میزبان سے متعلق لکھا کہ وہ ہمیشہ ایسا ہی رویہ اختیار کرتی ہیں—اسکرین شاٹ
لوگوں نے میزبان سے متعلق لکھا کہ وہ ہمیشہ ایسا ہی رویہ اختیار کرتی ہیں—اسکرین شاٹ

شرمیلا فاروقی کے مطابق تین ماہ قبل ہی ان کے والد انتقال کر گئے تھے اور ان کی عمر رسیدہ والدہ شوہر کی وفات کے بعد پہلی بار کسی شادی کی تقریب میں گئی تھیں مگر نادیہ خان نے ان کے ساتھ میک اپ کے معاملے پر نامناسب انداز میں ویڈیو بنائی۔

شرمیلا فاروقی نے اعلان کیا کہ وہ نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی، وہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم کو تحریری درخواست دیں گی جب کہ انہیں عدالت سے بھی رجوع کرنا پڑا تو بھی وہ پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

دوسری جانب نادیہ خان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عام لوگوں نے بھی ان پر تنقید کی اور میزبان کے رویے کو نامناسب قرار دیا اور لکھا کہ وہ کون ہوتی ہیں دوسرے کے فیشن، لباس اور میک اپ پر سوال اٹھانے والی؟

وائرل ہونے والی ویڈیو میں نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ سے میک اپ، لباس اور زیورات سے متعلق سوال کیے گئے مگر میزبان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید کی جا رہی ہے۔

نادیہ خان نے فوری طور پر لوگوں کی تنقید اور شرمیلا فاروقی کی جانب سے قانونی کارروائی کے اعلان پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Ahmad Jan 20, 2022 12:53am
Nadia Khan should be respectful to all her guest in the show, better to get appology now before matter goes to court. , just be nice and respectful all times..
Nads Jan 20, 2022 02:35pm
We shouldn’t make fun or mock people who are gullible and trust us, it really hurts an elder persons dignity!