Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 فروری 2022 01:39pm

قطر کا طالبان سے انخلا کی پروازیں بحال کرنے کا معاہدہ

آکسیوس نیوز نے اپنی ویب سائٹ پر شائع کردہ قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کابل ایئرپورٹ سے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انخلا کے معاملے پر قطر اور طالبان کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آکسیوس نیوز نے کہا کہ معاہدے کے مطابق امریکا اور دیگر ممالک کے ہزاروں غیر ملکیوں سمیت خطرے میں پھنسے افغان شہریوں کو ہر ہفتے قطر ایئرلائن کی 2 پروازوں کے ذریعے افغانستان سے نکالا جائے گا۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں امریکی سفارتی امور کی ذمے داری قطر کے سپرد

قطری وزیر خارجہ نے آکسیوس نیوز سے واشنگٹن میں بات کی، وہ امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے ہمراہ واشنگٹن کے سرکاری دورے پر موجود ہیں۔

قطر کے سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ قطر ایئرویز کی جانب سے تقریباً دو ماہ کے تعطل کے بعد افغانستان سے مسافروں کے انخلا کے لیے 27 جنوری کو پہلی پرواز بھیجی گئی۔

یاد رہے دسمبر میں قطر نے مسافروں کو طالبان سے اجازت لینے سے متعلق تنازع پر افغانستان میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے دسمبر میں پروازیں بند کردی تھیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان سے انخلا کے سلسلے میں امریکی سیکریٹری اسٹیٹ، دفاع کی قطر میں ملاقاتیں

آکسیوس نیوز نے قطری وزیر کے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ افغان ایئرلائن آریانا کی ہفتہ وار ایک پرواز چلانے سے متعلق بات چیت بھی جاری ہے۔

Read Comments