Dawn News Television

شائع 03 مارچ 2022 08:06pm

بل گیٹس کی سابقہ اہلیہ نے پہلی بار طلاق کی وجہ بتادی

بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس نے 3 مئی 2022 کو 27 سال کی شادی کے بعد اچانک ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

مگر آغاز میں جوڑے کی جانب سے طلاق کی وجہ پر روشنی نہیں ڈالی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ علیحدگی کے لیے اتنے سال تک کیوں انتظار کیا گیا۔

اب کئی ماہ بعد 57 سالہ ملینڈا فرنچ گیٹس نے شادی کو ختم کرنے کے بارے میں بات کی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران ان سے 20 سال قبل مائیکرو سافٹ کی ایک عہدیدار سے بل گیٹس کے معاشقے کے بارے میں پوچھا گیا جس کی تصدیق مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے مئی 2021 میں بھی کی تھی۔

انہوں نے کہا 'یقیناً میں معاف کرنے پر یقین رکھتی ہوں، تو شروع میں میرا خیال تھا کہ ہمیں اس بارے میں کام کرنا چاہیے'۔

ان کا کہنا تھا 'مگر علیحدگی کی وجہ صرف یہی ایک لمحہ یا چیز نہیں تھی، درحقیقت ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب مجھے احساس ہوا کہ اب ہمارا رشتہ اچھا نہیں رہا اور میں اب اس پر اعتماد نہیں کرسکتی جو ہم نے کیا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویسے تو حالیہ عرصے میں انہوں نے بہت زیادہ آنسو بہائے اور غصہ کیا مگر اب وہ اپنے مستقبل کے لیے بہت زیادہ پرجوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا 'میں نے زخموں کے بھرنے کے سفر کا آغاز کیا اور مجھے لگتا ہے کہ اب میں دوسری جانب جارہی ہوں، اور مجھے یہ بھی لگتا ہے کہ میں نے ایک باب کے صفحے کو پلٹ دیا ہے'۔

یہ انٹرویو 3 مارچ کو امریکی ٹی وی پر نشر ہوگا جس میں مزید تفصیلات بھی سامنے آسکتی ہیں۔

اس سے قبل دسمبر 2021 میں بل گیٹس نے طلاق کے حوالے سے کہا تھا کہ 2021 ان کی زندگی کا سب سے غیرمعمولی اور مشکل ترین سال تھا۔

اپنے سالانہ بلاگ میں انہوں نے کہا 'میں اس بات انکار نہیں کرسکتا ہے یہ ایسا سال تھا جو میرے لیے بہت اداس کن تھا'۔

بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس کی ملاقات 1987 میں مائیکرو سافٹ میں ہوئی تھی اور انہوں نے 1994 میں شادی کی، انہوں نے 3 مئی کو اچانک ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر ٹوئٹر پر علیحدگی کا اعلان ایک مشترکہ بیان میں کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ کئی سال تک ایک ساتھ زندگی گزارنے کے بعد اب انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ اب وہ شادی شدہ جوڑے کی صورت میں مزید آگے نہیں چل سکتے۔

ملینڈا گیٹس کی جانب سے واشنگٹن کی کنگ کاؤنٹی کی عدالت میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔

سی این این کی رپورٹ میں 2 اگست کو سامنے آنے والے عدالتی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس جوڑے کی طلاق کا معاہدہ ایک سیپریشن کانٹریکٹ کے تحت طے پایا، جس کو عوام کے سامنے نہیں لایا گیا۔

جب اس جوڑے نے علیحدگی کا اعلان کیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ مشترکہ طور پر اپنے تمام کاروباری اور فلاحی منصوبے چلائیں گے۔

یعنی بل اینڈ ملینڈا گیٹس کو وہ مل کر چلاتے رہیں گے لیکن جولائی میں اس ادارے کی جانب سے بیان میں بتایا گیا تھا کہ 2 سالہ ٹرائل کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس میں دیکھا جارہا ہے کہ یہ جوڑا ایک دوسرے کے ساتھ ٹھیک طریقے سے کام کرسکتا ہے یا نہیں۔

اس ادارے کے سی ای او مارک سوزمین نے کہا تھا کہ اگر 2 سال بعد کسی نے فیصلہ کیا کہ وہ بطور شریک چیئرمین ایک دوسرے کے ساتھ کام نہیں کرسکتے تو ملینڈا فرنچ گیٹس اپنی پوزیشن سے مستعفی ہوجائیں گی۔

اگر ایسا ہوتا ہے تو بل گیٹس کا ادارے پر کنٹرول برقرار رہے گا اور وہ ملینڈا کے حصے کو خرید لیں گے۔

واضح رہے کہ جوڑے کی جانب سے طلاق کی وجہ پر روشنی نہیں ڈالی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ علیحدگی کے لیے اتنے سال تک کیوں انتظار کیا گیا۔

تاہم مختلف میڈیا رپورٹس میں اس کی ممکنہ وجہ بل گیٹس کے جیفری اپسٹن سے مبینہ تعلقات تھے۔

11 مئی کو امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ماضی میں بل گیٹس امریکی کاروباری شخص جیفری اپسٹن سے ملتے رہے تھے، جن پر امیر ترین افراد کو جسم فروشی کے لیے کم عمر لڑکیاں فراہم کرنے جیسے الزامات تھے اور انہوں نے 2019 میں امریکی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جیفری اپسٹن سے ملاقاتوں کی خبر سننے کے بعد ہی ملینڈا گیٹس نے شوہر سے 2019 میں ہی طلاق لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسی طرح طلاق کے اعلان کے بعد بل گیٹس کو مختلف الزامات کا سامنا بھی ہوا تھا۔

وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک اور رپورٹ میں حیران کن انکشاف کیا کہ بل گیٹس نے مارچ 2020 میں اپنی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اس لیے الگ ہوگئے تھے کہ ان کے خلاف جاری کمپنی کی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ ان کے ایک خاتون ملازم کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں مذکورہ معاملے سے منسلک کم از کم دو افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مائیکرو سافٹ کمپنی کو بل گیٹس کے ایک پرانے معاشقے کی خبر 2019 میں ملی تھی، جس پر تحقیقات کی گئی تھیں۔

بل گیٹس کے ترجمان نے بھی اس تعلق کا اعتراف کیا تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ مائیکرو سافٹ بورڈ سے علیحدگی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں بل گیٹس کے حوالے سے حیران کن انکشاف کیے کہ وہ ماضی میں کمپنی کی خواتین ملازمین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے میں ملوث رہے ہیں۔

Read Comments