Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2022 12:43am

اداکارہ زہرہ عامر کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع

گزشتہ برس شادی کی تصدیق کرنے والی اداکارہ زہرہ عامر نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہاں جلد جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

زہرہ عامر نے انسٹاگرام پر شوہر کے ہاتھ میں اپنے الٹراساؤںڈ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

اداکارہ نے شوہر کی تصویر شیئر کی، جس میں وہ مسکراتے ہوئے اہلیہ کے الٹراساؤنڈ دکھاتے دکھائی دیے۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتیں، وہ ان کے ہمسفر جلد جڑواں بچوں کے والدین بننے والے ہیں۔

زہرہ عامر نے لکھا کہ وہ تیس ہفتوں کے حمل سے ہیں اور چند ہفتوں کے بعد ان کے ہاں ایک نہیں بلکہ جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ وہ اپنے ہاں جڑواں بچوں کی متوقع پیدائش سے بہت خوش ہیں اور انہیں ماں بننے کا انتظار ہے۔

زہرہ عامر کی پوسٹ پر متعدد افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

زہرہ عامر نے جنوری 2021 میں شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے اگست 2020 میں شادی کی تھی۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ کورونا کی وبا کے باعث ان کی شادی کی تقریبات انتہائی سادگی سے منعقد کی گئی تھیں، جس میں ان کے اہل خانہ نے ہی شرکت کی تھی۔

زہرہ عامر نے متعدد ڈراموں میں معاون اور بعض میں مرکزی کردار بھی ادا کیے ہیں اور ان کا شمار ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

اداکارہ گزشتہ کچھ ماہ سے حمل ٹھہرنے کے بعد ٹی وی پردے سے دور ہیں، تاہم وہ بے بی بمپ کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

Read Comments