Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2022 02:07pm

وزیر اعظم نے آرمی چیف کی مدت میں توسیع میں جان بوجھ کر تاخیر کی، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کا ماننا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جان بوجھ کر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں توسیع میں تاخیر کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت مسلح افواج کا احترام کرتی ہے جبکہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سوشل میڈیا پر مسلح افواج کو ہدف بنا رہی ہے۔

ڈان نیوز کے اینکر عادل شاہزیب کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے دہرایا کہ جب وزیراعظم خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش کی تو نوٹی فکیشن کو تین بار ری ڈرافٹ کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: براڈ شیٹ کے سربراہ کی معافی نیب نیازی گٹھ جوڑ کے منہ پر زور دار تھپڑ ہے، شہباز شریف

تاہم شہباز شریف نے تسلیم کیا کہ ان کے پاس اپنے دعووں کی حمایت کے لیے کوئی ٹھوس معلومات نہیں ہیں، لیکن یہ ان کی رائے تھی کہ وزیر اعظم عمران خان نے جان بوجھ کر توسیع کے عمل کو ’متنازع‘ بنانے کی کوشش کی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ’یہ معاملہ سپریم کورٹ تک گیا، ماضی میں بھی آرمی چیفس کی خدمات میں توسیع کی گئی، انہیں صرف پچھلی سمری کو کاپی پیسٹ کرنا تھا، لیکن یہ سب دھوکے کے طور پر کیا گیا، یہ دھوکے بازی عمران خان نیازی کی جانب سے کی گئی‘ ۔

انہوں نے کہا کہ وہ توسیع میں تاخیر کرتے ہوئے اسے متنازع بنانا چاہتے تھے۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی درخواست پر شہباز شریف کے وکیل کے دلائل مکمل

ان کا کہنا تھا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات خوشحالی کی سیڑھی کا پہلا زینہ ہیں، تمام اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا چاہیے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’مشاورتی عمل مداخلت سے مختلف ہے‘۔

Read Comments