Dawn News Television

شائع 08 اپريل 2022 06:50pm

واٹس ایپ پر جلد تمام صارفین کیلئے میسیج ری ایکشن متعارف ہونے کا امکان

خبریں ہیں کہ دنیا کی مقبول ترین انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی ٹیم تمام صارفین کے لیے میسیج ری ایکشن کا فیچر متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے اور جلد اسے متعارف کرادیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر واٹس ایپ نے گزشتہ برس نومبر میں بتایا تھا کہ بعض صارفین کے لیے جلد میسیج ری ایکشن کا فیچر متعارف کرا دیا جائے گا، جس کے بعد جنوری میں اسے محدود صارفین میں پیش کردیا گیا تھا۔

تاہم اب ’ویب ایٹ انفو‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ واٹس ایپ کی ٹیم میسیج ری ایکشن کو بہتر بنانے اور اس میں مزید ایموجی شامل کرنے میں مصروف ہے اور جلد ہی اسے عام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں میسیج ری ایکشن کے فیچر میں صرف 6 ایموجیز شامل کیے گئے تھے اور مزکورہ فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی تھی، جس کے بعد واٹس ایپ سے اسی فیچر کو بڑھانے کی فرمائشیں ہونے لگیں۔

صارفین کی فرمائشوں کے بعد واٹس ایپ نے ری ایکشن فیچر کو عام کرنے اور اس میں ایموجیز بڑھانے کا کام شروع کردیا اور جلد ہی اسے عام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

نئے فیچر کے تحت اب ری ایکشن فیچر میں 6 سے زائد ایموجیز ہوں گے اور صارفین میسیج کی مناسبت سے اپنی پسند کے ایموجی کے مطابق ری ایکشن کر سکیں گے۔

مذکورہ فیچر کے آزمائشی پروگرام تک پاکستان سمیت کئی ممالک کے عام صارفین کو رسائی نہیں دی گئی، تاہم تمام صارفین کی واٹس ایپ نوٹی فکیشن سیٹنگ میں اس فیچر کو پیش کرنے کی اجازت کا آپشن دے دیا گیا ہے۔

فیچر متعارف کرائے جانے کے بعد کوئی بھی صارف کسی بھی دوسرے شخص کے میسیج کو پڑھنے کے بعد اس پر اپنی رائے دینے کے بجائے اس پر ایموجی کے ذریعے اپنا اظہار کر سکے گا۔

مذکورہ فیچر بلکل ایسے ہی کام کرے گا، جیسے فیس بک، انسٹاگرام اور مسینجر کے میسیج پر صارفین ایموجیز کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔

فیچر متعارف ہونے کے بعد ہر صارف کو میسیج دیکھتے وقت وہاں ایموجیز کے نشانات دکھائی دیں گے اور وہ اپنی پسند کے ایموجی سے رائے کا اظہار کر سکے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ جون تک مذکورہ فیچر کو عام افراد میں متعارف کرادیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

Read Comments