Dawn News Television

شائع 08 اپريل 2022 03:31pm

صدف کنول کے مہنگے جوڑے کی حمایت پر نادیہ حسین کو تنقید کا سامنا

ماڈل، اداکارہ و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین کو ماڈل صدف کنول کے کلاتھنگ برانڈ کی بھاری قیمت کی حمایت کرنا مہنگا پڑ گیا اور لوگوں نے نادیہ حسین کا تنقید کا نشانہ بنایا۔

نادیہ حسین نے حال ہی میں صدف کنول کی حمایت کرتے ہوئے ان لوگوں کو کرارا جواب دیا تھا جنہوں نے صدف کنول کے کلاتھنگ برانڈ کی قیمتوں پر تنقید کی تھی۔

نادیہ حسین نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے صدف کنول کی حمایت میں پوسٹ کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: صدف کنول نے ملبوسات کا برانڈ متعارف کرانے کا اعلان کردیا

نادیہ حسین نے جو اسکرین شاٹ شیئر کیا، اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدف کنول کے برانڈ نے ایک صارف کو ایک جوڑے کی قیمت 30 ہزار روپے بتائی تھی۔

ایک جوڑے کی قیمت 30 ہزار روپے رکھنے پر لوگوں نے صدف کنول فیشن لائن نامی برانڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس پر نادیہ حسین نے ان کی حمایت کی۔

نادیہ حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ صدف کنول کا اپنا کاروبار ہے، وہ اپنی مرضی سے سے کپڑوں کی قیمت کا تعین کر سکتی ہیں، اگر کسی کو ان کے کپڑے پسند نہیں تو کوئی بات نہیں، لیکن وہ صدف کنول کو ہدایات نہیں دے سکتے۔

نادیہ حسین نے مزید لکھا کہ اگر کسی کو صدف کنول کے کپڑے مہنگے لگ رہے ہیں تو وہ بھلے ان کے کپڑوں کو نہ خریدیں مگر انہیں تنقید کا نشانہ بنانا بند کیا جائے۔

تاہم نادیہ حسین کو صدف کنول کی حمایت کرنا مہنگا پڑ گیا اور لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ان کا کام ہی ہر معاملے میں ٹانگ اڑانا ہوتا ہے۔

صدف کنول کے مہنگے جوڑے کی قیمت کا دفاع کرنے پر لوگوں نے نادیہ حسین کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال بھی کی اور ان کی باتوں کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے انہیں خاموش رہنے کی ہدایت بھی کی۔

بعض لوگوں نے نادیہ حسین کو ایلون مسک کی طرح اداکاری کرنے کا طعنہ بھی دیا۔

کچھ مداحوں نے لکھا کہ نادیہ حسین نے کچھ دن قبل ماڈلز کے لیے بات کرتے ہوئے طبقاتی نظام کی بات کی تھی اور اب وہ صدف کنول کے مہنگے جوڑے کی حمایت کر رہی ہیں، اس خاتون کے عجب طور و طریقے ہیں۔

Read Comments