Dawn News Television

شائع 10 اپريل 2022 03:12pm

اینڈرائڈ 13 میں ایک سم پر متعدد نمبرز چلانے کا فیچر دیے جانے کا امکان

خبریں ہیں کہ گوگل موبائل فون آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ کے نئے ورژن یعنی اینڈرائڈ 13 پر ایسے فیچر کو متعارف کرانے پر کام کرنے میں مصروف ہے، جس کے تحت ایک ہی سم پر متعدد نمبرز چلائے جا سکیں گے۔

جی ہاں، گوگل کے ماہرین اینڈرائڈ 13 میں نیا فیچر متعارف کروانے جارہے ہیں جس کے بعد موبائل یوزرز ایک ہی موبائل سم سے مختلف نیٹ ورکز استعمال کرسکے گیں۔

عام طور پر اینڈرائڈ صارفین دو یا دو سے زائد نیٹ ورکز استعمال کرنے کے لیے ہمیشہ ایک سے زائد سم کارڈز کے بیچ پھنسے رہتے تھے لیکن صارفین کے اس اہم مسئلے کا حل اینڈرائڈ کے نئے ورژن میں حل ہوجائے گا۔

ایک رپورٹ کے مطابق ایکس ڈی اے ڈویلیپرز کی سابق چیف ایڈیٹر مشال رحمٰن کے مطابق اس فیچر کی معلومات اینڈرائڈ اوپن سوورس پراجیکٹ ( اے او ایس پی) اور اینڈرائڈ ڈویلیپرز ویبسائیٹ سے حاصل کی گئی ہے، جس سے اب صارفین ایک ہی سم پر متعدد نمبرز کی سروس بھی چلا سکیں گے۔

مشال رحمن کے مطابق اس نئے فیچر کے متعارف ہونے سے نہ صرف صارفین کو مختلف نیٹ ورکس پر منتقل ہونے میں آسانی ملے گی بلکہ اس کے ساتھ ہارڈیئرز بنانے والی کمپنیوں کا بھی پیسہ بچے گا کیوں کہ انہیں اپنے موبائلز میں دو سم کے لیے الگ الگ جگہ بنانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، لہذا موبائل کمپنیز اس سے بچنے والی جگہ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی بیٹری کے سائز میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

گوگل نے فی الحال اس نئے فیچر کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن کمپنی کی جانب سے دیے گئے منصوبے کے مطابق یہ فیچر اکتوبر 2022 تک صارفین کی دسترس میں آجائےگا۔

ممکنہ طور پر مذکورہ فیچر کے تحت صارفین کو ایک ہی سم پر بیک وقت دو مختلف نیٹ ورکس استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، تاہم اس سےزیادہ نیٹ ورکس کی سہولت بھی دی جا سکتی ہے۔

اس وقت پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں لوگ واٹس ایپ، فون کالز، گھریلو اور پیشہ ورانہ زندگی کے لیے الگ الگ نیٹ ورکس کی سروسز استعمال کرتے ہیں، جس وجہ سے انہیں یا تو دو سم چلانے والے موبائل یا پھر ایک سے زائد موبائل بھی خریدنے پڑتے ہیں۔

Read Comments