Dawn News Television

شائع 16 اپريل 2022 07:25pm

انفینکس ہاٹ 11 متعدد اپڈیٹس کے ساتھ دوبارہ فروخت کے لیے پیش

چینی کمپنی نے پاکستان اور بھارت سمیت ایشیائی ممالک میں مقبول اپنے مڈ رینج فون انفینکس ہاٹ 11 کو متعدد اپڈیٹس کے ساتھ دوبارہ فروخت کے لیے پیش کردیا۔

ابتدائی طور پر انفینکس ہاٹ 11 کو ستمبر جب کہ پاکستان میں اکتوبر 2021 میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا، جس کی قیمت 25 ہزار روپے تک رکھی گئی تھی۔

اب کمپنی نے اسی فون کو نئے ڈیزائن اور شیپ سمیت دیگر متعدد فیچرز کے ساتھ پیش کردیا۔

اس بار انفینکس ہاٹ 11 میں کیمرا کی کوالٹی کم کردی گئی ہے اور نئے ورژن میں 50 میگا پکسل کے بجائے 13 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے، تاہم نئے فون میں بھی تین کیمرا ہیں، جن میں سے سیلفی کیمرا 8 میگا پکسل ہے، جس کے ساتھ 2 میگا پکسل فوکس کیمرا بھی دیا گیا ہے۔

انفینکس ہاٹ الیون 2022 میں فنگر پرنٹ سینسر بھی دیا گیا ہے جو کہ اس سے قبل پیش کیے گئے فون میں نہیں تھا۔

نئے فون میں باقی تمام فیچرز پرانے ہی ہیں مگر انہیں اپگریڈ کردیا گیا ہے اور فون کے ڈیزائن کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انفینکس کا نیا مڈرینج فون پاکستان میں فروخت کے لیے پیش

نئے فون کو بھی چار مختلف کلرز میں پیش کیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر اسے چین اور بھارت جیسی بڑی مارکیٹوں میں متعارف کرایا گیا ہے، تاہم امکان ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں اسے پاکستان میں بھی پیش کیا جائے گا۔

انفلیکس ہاٹ الیون 2022 میں 6.67 انچ کا آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

فون کے اندر میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 88 پراسیسر موجود ہے جبکہ 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج ڈیوائس کا حصہ ہے۔فون کی ایک خاص بات اس میں سنیماٹک ڈوئل اسپیکرز ہیں جو ڈی ٹی ایس آڈیو سے لیس ہیں۔

5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 18 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بیٹری کے ساتھ 51 گھنٹے تک مسلسل کالز کی جاسکتی ہیں۔

پرانے فون کی پاکستان میں قیمت 25 ہزار روپے رکھی گئی تھی، تاہم ممکنہ طور پر نئے ورژن کی قیمت یا تو اس سے کم ہوگی یا پھر اتنی ہی قیمت میں اسے پیش کیا جائے گا۔

Read Comments