Dawn News Television

شائع 17 جون 2022 03:19pm

اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے

دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ مری، پشاور، راولپنڈی، چارسدہ، ایبٹ آباد، دیامر، فیصل آباد، ملتان اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کراچی کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 تھی جبکہ گہرائی 220 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

مزید پڑھیں: خضدار میں زلزلے کے جھٹکوں سے 80 گھر منہدم، 200 سے زائد خاندان بے گھر

زلزلے کے جھٹکے وقفے وقفے سے محسوس کیے گئے اور جھٹکے شروع ہوتے ہی شہری اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ابتدائی طور پر زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 6 مئی کو بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے اورناجی میں درمیانے درجے کی شدت کے زلزلے سے کم از کم 80 مکانات منہدم ہوگئے تھے، جس سے 200 سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے تھے۔

Read Comments