Dawn News Television

شائع 29 جون 2022 12:20pm

لیڈی ڈیانا کی آرکائیو ویڈیوز پر مبنی دستاویزی فلم ریلیز کیلئے تیار

آسکر کے لیے نامزد ڈائریکٹر ایڈ پرکنز نے نئی دستاویزی فلم میں شہزادی ڈیانا کی زندگی کی سینکڑوں گھنٹے کی فوٹیج کے ذریعے ان لمحات کو سمونے کی کوشش کی ہے جن سے متعلق انہیں امید ہےکہ وہ لیڈی ڈیانا کی موت کے 25 سال بعد ان کی زندگی اور عوام میں ان کے تاثر کا نیا رخ پیش کریں گے۔

ان کی نئی فلم ’دی پرنسز‘ مکمل طور پر لیڈی ڈیانا کی زندگی کی آرکائیو ویڈیوز پر مشتمل ہے جس میں ان کی جوانی سے لے کر 31 اگست 1997 کو 36 سال کی عمر میں ان کی موت اور اس کے نتیجے میں سوگ کے غیرمعمولی مناظر شامل ہیں۔

ایڈ پرکنز کا کہنا ہے کہ دستاویزی فلم میں انہوں نے انٹرویوز اور تجزیوں کے روایتی انداز سے بچتے ہوئے لیڈی ڈیانا، میڈیا اور عوام کے درمیان تعلقات کی پیچیدگیوں کو کھوجنے کی کوشش کی ہے اور وہ اس کے ناظرین سے جذباتی ردعمل کی امید رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’ہماری کوشش تھی کہ اس دستاویزی فلم میں لیڈی ڈیانا کی زندگی پر مبنی آرکائیو ویڈیوز کو ایک قسم کی ٹائم مشین کے طور پر استعمال کریں تاکہ ناظرین کو ماضی میں واپس لے جایا جا سکے اور انہیں اس وقت میں دوبارہ جینے کا موقع دیا جا سکے‘۔

یہ بھی پڑھیں: لیڈی ڈیانا کی موت پر بات نہ کرنے پر شہزادہ ہیری کو 'افسوس‘

دستاویزی فلم کے ڈائریکٹر ایڈ پرکنز لیڈی ڈیانا کی موت کے وقت 11 برس کے تھے، وہ اس الجھن کو یاد کرتے ہیں جو انہوں نے لیڈی ڈیانا کی موت کے وقت اپنے جذبات میں محسوس کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا فلم سازی کا انداز ناظرین کو لیڈی ڈیانا کے ساتھ اپنے تعلق کا ازسر نو تجزیہ کرنے کی ترغیب دے گا۔

لیڈی ڈیانا کی کہانی بیان کرتے ہوئے جس حصے پر سب سے کم توجہ دی گئی اور جو میرے لیے سب سے زیادہ دلچسپی رکھتا ہے وہ یہ کہ ان کی کہانی ہم سب کے بارے میں کیا کہتی ہے؟ اسی سوچ کے ساتھ یہ دستاویزی فلم تیار کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: لیڈی ڈیانا کی انتہائی ذاتی ویڈیوز نشر نہ کرنے کا مطالبہ

لیڈی ڈیانا کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ’دی کوئین‘ 30 جون کو برطانیہ کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 1981 میں محض 20 سال کی عمر میں لیڈی ڈیانا کی شادی شہزادہ چارلس سے ہوگئی تھی اور وہ عالمی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

بعد ازاں لیڈی ڈیانا کی شہزادہ چارلس سے 1996 میں طلاق ہوگئی تھی جس کے ایک سال بعد 1997 میں وہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔

Read Comments