Dawn News Television

اپ ڈیٹ 11 اگست 2022 04:48pm

آئی سی سی ایلیٹ پینل کے سابق امپائر روڈی کرٹزن کار حادثے میں ہلاک

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل کے امپائر روڈی کرٹزن جنوبی افریقہ میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئے۔

خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق 73 سالہ روڈی کرٹزن 8 سال تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل تھے اور انہوں نے 331 میچوں میں امپائرنگ کی جو 2010 میں ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک عالمی ریکارڈ تھا جسے بعد میں پاکستان کے علیم ڈار نے توڑ دیا۔

کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے علیم ڈار نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے، سب سے پہلے ان کے خاندان کے لیے اور پھر جنوبی افریقہ اور دنیائے کرکٹ کے لیے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی امپائر علیم ڈار نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے ساتھ کئی میچوں میں امپائرنگ کی، وہ ناصرف ایک امپائر کے طور پر بہت اچھے تھے بلکہ ایک بہترین ساتھی بھی تھے، میدان میں ہمیشہ بہت تعاون کرتے تھے اور میدان کے باہر بھی مدد کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے تھے۔

علیم ڈار نے مزید کہا کہ وہ وہ جس طرح کے انسان تھے اس کی وجہ سے کھلاڑی بھی ان کی عزت کرتے تھے۔

مشرقی کیپ ٹاؤن سے ڈسپیچ جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں کرٹزن کی موت ہوگئی تھی جہاں وہ اپنے خاندان کے ساتھ رہتے تھے۔

کرٹزن اب بھی کبھی کبھار شوقیہ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے مشرقی کیپ میں اپنے آبائی شہر ڈسپیچ میں امپائرنگ کرتے ہیں۔

Read Comments